پی ڈی ایم بھارت کا بیانیہ لے کر چل رہی ہے ۔ شبلی فراز

پی ڈی ایم بھارت کا بیانیہ لے کر چل رہی ہے ۔ شبلی فراز
سورس: سکرین شارٹ

اسلام آباد،وفاقی وزیراطلاعات شبلی فراز نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم کے کچھ لوگ وہی بیانیہ لے کر چل رہے ہیں جو دشمن ممالک کا ہے ۔ اسلام آباد میں میڈیا بریفنگ میں ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے خلاف بہت منظم انداز میں مہم چلائی جارہی تھی جس کا مقصد ملک کو کمزور کرنااور ملک میں افراتفری پھیلانا  تھا ۔حکومت نے اس کا بڑی سنجیدگی سے نوٹس لیا ہے ہم چیزوں کو مانیٹر کررہے ہیں ۔ان کا کہنا تھا کہ حسین حقانی سے کون منسلک ہے اور کون ہدایات دے رہا ہے یہ ساری رپورٹس ہمیں مل رہی ہیں ۔انہوں نے کہا کہ مفتی کفایت اللہ کی گفتگو انتہائی شرمناک ہے اس سے وہ صرف اپنے دشمن کو خوش  کررہے ہیں کیونکہ جیسے ہی وہ کوئی بات کرتے ہیں تھوڑی دیر بعد بھارتی چینلز پر چلنا شروع ہوجاتی  ہیں  وہ 

دانستہ یا نادانستہ یہ دشمن کے آلہ کار بن گئے ہیں ۔ ایک سوال کے جواب میں شبلی فراز نے کہا کہ پی ڈی ایم  کا اتحاد کمزور ہوگیا ہے اور کئی پارٹیوں میں تحریک چلنا شروع ہوگئی ہے ۔ پی ڈی ایم اندر ٹوٹ پھوٹ ہوچکی ہےاب انہوں نے حکومت کو کیا گرانا ہے ۔ پی ڈی ایم اپنا دم توڑ چکی ہے اور وہ قصہ پارینہ بن چکی ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہم دیکھ رہے ہیں کہ گیس کے ایشوز ہیں اور اس کے ساتھ ساتھ عوام کو بتانا چاہ رہے ہیں کہ سندھ کا جو رول ہے وہ ٹھیک نہیں ہے ۔ سندھ حکومت نے  وفاق کی پالیسی کے  خلاف حکمت عملی اپنائی کوویڈ کے دنوں میں خاص طورپر اور جب کوویڈ کا سیزن ختم ہوا تو سندھ حکومت نے خود غرضی کا مظاہرہ کیا اور گندم کی ریلیز کو روکے رکھا اور آٹے کی قیمت اوپر چلی گئی ۔ سندھ حکومت نے آٹے کی سپلائی لائن کو ڈسٹرب کردیا اس سے پورے ملک میں آٹے کی کمی اور قیمتوں میں اتار چڑھاؤ دیکھنے  کو ملا ۔اس کا مقصد صرف وفاقی حکومت کو نقصان پہچانا تھا ۔ اب گیس کا ایشو ہے تو یہ باور کرایا جارہا ہے کہ جیسے بہت بڑا ظلم ہورہا ہے ۔ سندھ حکومت سیاسی پوائنٹ سکورنگ کے لئے ایسا ماحول پیدا کرتی ہے کہ جیسے چیزوں کی کمی ہے ۔ پاکستان کے آئین میں سب کچھ واضع لکھا ہوا ہے ۔

اس موقع پر معاون خصوصی پٹرولیم ندیم بابر نے کہا کہ سندھ حکومت کی طرف سے  کہا گیا ہے کہ سندھ کی گیس باہر استعمال کی جارہی ہے ان کا کہنا ہے کہ ہم ایل این جی نہیں لیں گے کیونکہ یہ مہنگی گیس ہے تو ایسا ہونہیں سکتا کیونکہ پورے پاکستان میں گیس کی ترسیل کا سسٹم ایک  ہی ہے ۔ یہ نہیں ہوسکتا کہ ایک صوبے میں گیس کے ریٹ اور ہوں اورباقی میں کچھ اور ۔ہم گیس کی کمی کو ایل این جی منگوا کر پورا کرتے ہیں ۔صنعتوں کے لئےگیس کی لوڈشیڈنگ نہ کرانے کی یقین دہائی کراتا ہوں ۔