سپیکر قومی اسمبلی سے پی ٹی آئی وفد کی ملاقات ، استعفوں کیلئے  تمام ممبران کو انفرادی طور پر آنا ہوگا: راجہ پرویز 

سپیکر قومی اسمبلی سے پی ٹی آئی وفد کی ملاقات ، استعفوں کیلئے  تمام ممبران کو انفرادی طور پر آنا ہوگا: راجہ پرویز 
سورس: Twitter

اسلام آباد: سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف سے پی ٹی آئی کے وفد نے سابق سپیکر اسد قیصر کی سربراہی میں پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات کی ۔ ملاقات میں پی ٹی آئی کے قومی اسمبلی سے استعفوں کے معاملے پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ 

سپیکر آفس کی طرف سے جاری اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ ملاقات کے لیے آنے والے پی ٹی آئی وفد میں اسد قیصر ، قاسم خان سوری ، ملک عامر ڈوگر، امجد خان نیازی ، فہیم خان ، ڈاکٹر شبیر حسن لال ملی، عطاء اللہ ،طاہر اقبال شامل تھے ۔

اس موقع پر سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ سیاست میں دروازے بند نہیں کئے جاتے ۔ سیاست دانوں میں رابطے ہونے چاہیے ۔ استعفوں کے تصدیق کے حوالے سے آئین پاکستان اور قومی اسمبلی کے قواعد و ضوابط کے مطابق فیصلہ کیا جائے گا۔

راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ استعفوں کے لئے تمام ممبران کو انفرادی طور پر بلایا جائے گا ۔ پہلے بھی پی ٹی آئی ممبران کو استعفوں کی تصدیق کے حوالے سے مدعو کیا گیا تھا ۔ پی ٹی آئی کے کراچی سے ایک رکن اسمبلی نے استعفیٰ کی منظوری روکنے کیلئے ہائی کورٹ سے رجوع کیا تھا۔ 

دوسری طرف پی ٹی آئی کی جانب سے اسپیکر کو پیش کیے جانے والے پیپر میں کہا گیا ہے۔ ہم نے اجتماعی استعفے دیئے تھے جس کا مقصد ملک میں عام انتخابات کے لیے راہ ہموار ہو۔ ہم نے تفریح کے لیے استعفے نہیں دیئے تھے جو پہلے گیارہ استعفے منظور ہوئے تھے وہ غیر آئینی تھے۔ جاوید ہاشمی کیس میں سپریم کورٹ نے واضح کیا تھا کہ ایوان میں کھڑے ہوکر استعفے دینے والوں کے استعفے منظور ہوں گے۔

 سابق اسپیکر استعفے منظور کر چکے ہیں نوٹیفیکیشن نہیں روکے  جا سکتے ۔ استعفوں کی منظوری پر نوٹیفیکیشن جاری کرکے الیکشن کمیشن کو بھیجے جائیں۔  تحریک انصاف کے لیے الگ قانون نہیں ہونا چاہیے ۔ پاکستان تحریک انصاف کے 116 لوگوں کے استعفے منظور کرکے نوٹیفیکیشن جاری کیا جائے۔ 

مصنف کے بارے میں