وزیراعظم ریلیف پیکیج کے باوجود یوٹیلٹی سٹورز پر چینی، آٹے اور گھی کی قیمتوں میں اضافہ

وزیراعظم ریلیف پیکیج کے باوجود یوٹیلٹی سٹورز پر چینی، آٹے اور گھی کی قیمتوں میں اضافہ

اسلام آباد: وزیراعظم ریلیف پیکیج کے باوجود یوٹیلٹی سٹورز پر چینی، آٹے اور گھی کی قیمتوں میں اضافہ کرتے ہوئے نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے جبکہ عام صارفین کیلئے خریداری کی حد بھی مقرر کر دی گئی ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن کے ذرائع کا کہنا ہے کہ چینی کی فی کلو قیمت میں 19 روپے، گھی کی فی کلو قیمت 75، آٹے کے 20 کلو تھیلے کی قیمت میں 496 روپے اضافے کا نوٹیفکیشن جاری کیا کیا گیا ہے۔ 
یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن کے ذرائع کا کہنا ہے کہ قیمتوں میں اضافے کا اطلاق یکم جنوری 2023 سے ملک بھر کے یوٹیلیٹی سٹورز پر ہو گا تاہم بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) میں شامل مستحق افراد پر اس سے مستثنیٰ ہوں گے۔
ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ یوٹیلٹی سٹورز پر چینی کی ماہانہ خریداری کی حد 5 سے کم کر کے 3 کلو جبکہ گھی کی ماہانہ خریداری کی حد 5 سے کم کر کے 3 کلو اور آٹے کی ماہانہ خریداری کی حد 40 سے کم کر کے 20 کلو مقرر کی گئی ہے۔ 
یوٹیلٹی کارپوریشن کے مطابق بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام میں رجسٹرڈ صارفین کیلئے سامان کی موجودہ حد برقرار رہے گی اور بی آئی ایس پی میں رجسٹرڈ صارفین ماہانہ 40 کلو تک آٹا اور پانچ، پانچ کلو تک چینی اور گھی خرید سکیں گے۔ 
واضح رہے کہ وزیراعظم پیکیج کے تحت یوٹیلٹی سٹورز پر رکھی اشیائے ضروریہ پر ٹارگٹڈ سبسڈی کا فیصلہ کیا گیا ہے جس کے تحت صرف بے نظیر انکم سپورٹ میں رجسٹرڈ مستحقین کو قیمتوں میں ریلیف دیا جائے گا۔

مصنف کے بارے میں