پاکستان کے موجودہ حالات اور مستقبل پر سیاست سے گریز کرنا چاہئے: احسن اقبال

پاکستان کے موجودہ حالات اور مستقبل پر سیاست سے گریز کرنا چاہئے: احسن اقبال

اسلام آباد: وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا ہے کہ حالیہ سیلاب سے 30 ارب ڈالر کا نقصان ہوا، ہم نے سیلاب کے بعد کی صورتحال پر بہتر انداز سے قابو پایا اور متاثرین کی بحالی کیلئے تمام وسائل بروئے کار لا رہے ہیں۔ 
تفصیلات کے مطابق میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے موجودہ حالات اور مستقبل پر ہمیں سیاست سے گریز کرنا چاہیے کیونکہ حالات گھمبیر ہیں اور ہم ملک کو بہتری کی طرف لے جانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ 
ان کا کہنا تھا کہ مہنگائی کم کرنے کیلئے اقدامات کر رہے ہیں، ہم چیلنجز کا سامنا بھی کریں گے اور ان کو حل بھی کریں گے، ہمیں کوشش کرنی ہو گی کہ ایکسپورٹ میں کسی قسم کا بریک نہ آئے۔ 
وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا کہ ڈیفالٹ کی باتیں کرنے والا پاکستان کا دشمن ہے، بدقسمتی سے سی پیک کو گزشتہ 4 سالوں میں بند کردیا جس کا ہم خمیازہ بھگت رہے ہیں۔ 
ان کا مزید کہنا تھا کہ پی ٹی آئی نے سی پیک منصوبے کو 4 سال تک التوا میں رکھا، ہمیں اپنی برآمدات کو بڑھانا ہے، ملک کی بہتری کیلئے تاجر برادری کی تجاویز کا خیر مقدم کریں گے۔

مصنف کے بارے میں