امریکا طالبان امن معاہدے پر آج دستخط ہوں گے

امریکا طالبان امن معاہدے پر آج دستخط ہوں گے
کیپشن: امن معاہدے پر دستخط کی تقریب دوحہ کے شیرٹن ہوٹل میں منعقد ہو گی۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فائل فوٹو

دوحہ: عارضی جنگ بندی کی کامیابی کے بعد امریکا طالبان امن معاہدے پر آج قطر میں دستخط ہوں گے۔ معاہدے کے تحت امریکہ افغانستان سے اپنی افواج کو واپس بلائے گا، طالبان افغان سرزمین کسی اور ملک کے خلاف استعمال نہ ہونے کی ضمانت دیں گے۔

افغانستان میں امریکا، طالبان اور افغان فورسز کے درمیان عارضی جنگ بندی معاہدہ ساتویں روز بھی کامیاب رہا۔ امریکا اور طالبان کے درمیان طویل مذاکرات کے بعد امن معاہدے پر دستخط کی تقریب دوحہ کے شیرٹن ہوٹل میں منعقد ہو گی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکا کی جانب سے وزیر خارجہ مائیک پومپیو اور طالبان کی جانب سے دستخط ملا عبدالغنی برادر کریں گے، اسی ہوٹل میں افغان اور امریکا کے درمیان مذاکرات کا آخری دور ہوا تھا۔

امریکی صدر ٹرمپ نے کہا ہے کہ افغان عوام موقع سے فائدہ اٹھائیں، امن معاہدے سے نئے مستقبل کا موقع مل سکتا ہے، معاہدہ ہونے سے 19 سال سے زائد جنگ کے بعد افغانستان سے ہزاروں امریکی فوجیوں کا انخلاء ممکن ہوسکے گا جبکہ اس کے بدلے میں طالبان کی سیکورٹی کے حوالے سے کئے گئے معاہدوں کی پاسداری کیساتھ ساتھ افغان حکومت کیساتھ مذاکرات کریں گے۔