بھارت میں بھی کیمیکل فیکٹری کا بوائلر پھٹنے سے ہلاکتیں

بھارت میں بھی کیمیکل فیکٹری کا بوائلر پھٹنے سے ہلاکتیں

نئی دہلی: بھارت کی شمالی ریاست ہریانہ کی ایک کیمیکل فیکٹری کا بوائلر پھٹنے سے کم از کم 4 افراد ہلاک جبکہ 30زخمی ہوگئے ہیں۔یہ دھماکہ ضلع جھجرکے بہادرگاہ صنعتی علاقے میں ہوا۔ضلع جھجر کے ڈپٹی کمشنر دفتر ایک عہدیدار نے ہفتہ کو بتایا کہ واقعہ میں 4 مزدور ہلاک جبکہ خواتین اور بچوں سمیت 30 زخمی ہوئے ہیں، ابتدائی تحقیقات کے مطابق دھماکہ فیکٹری کے اندر بوائلر پھٹنے کے باعث ہوا۔اعلی حکام نے دھماکے کے بعد امدادی کارروائیوں کیلئے آگ بجھانے والی گاڑیاں اور پولیس اہلکار وقوعہ پر روانہ کردیئے۔عہدیدار نے کہاکہ ہم نے دہلی سے نیشنل ڈیزاسٹر رسپانس فورس کی ٹیم بھی طلب کرلی ہے۔وقوعہ پر امدادی کارروائیاں جاری ہیں تاکہ دیکھا جاسکے کہ فیکٹری کے اندر ملبہ میں کوئی شخص پھنسا تو نہیں ہوا۔

عہدیداروں کے مطابق زخمیوں کا علاج دو مقامی ہسپتالوں میں کیا جا رہاہے۔مقامی افراد کا کہنا ہے کہ دھماکے کی وجہ سے متعدد قریبی عمارتوں کو نقصان پہنچا جبکہ آس پاس کھڑی گاڑیوں کی ونڈ سکرینیں ٹوٹ گئیں۔پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ہے اور دھماکہ کی تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔