شہزادی ڈیانا کے مجسمے کی تعمیر کا اعلان

شہزادی ڈیانا کے مجسمے کی تعمیر کا اعلان

لندن: میڈیا رپورٹس کے مطابق شہزادہ ولیم اور شہزادہ ہیری نے اپنی والدہ کی یاد میں مجسمہ تعمیر کروانے کا حکم دیا ہے۔ ان دونوں کا کہنا تھا کہ وقت آ گیا ہے کہ ان کی والدہ کے مثبت کردار کو پہچانا جائے۔ مجسمہ شہزادی ڈیانا کی سابقہ رہائش گاہ کنزنگٹن محل میں تعمیر کیا جائے گا لیکن تاحال مجسمہ ساز کا انتخاب نہیں کیا گیا تاہم ترجمان کا کہنا ہے کہ اس منصوبے پر کام جلد شروع ہو جائے گا۔

 

شہزادہ ولیم اور شہزادہ ہیری نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ہماری والدہ کی وفات کو 20 سال گزر گئے ہیں اور اب وقت آ گیا ہے کہ برطانیہ سمیت دنیا بھر میں ان کے مثبت پہلوؤں کو ایک ہمیشہ رہنے والے مجسمے سے پہنچایا جائے۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے ہماری والدہ نے اتنی زندگیوں کو بہتر بنایا تھا۔ ہم امید کرتے ہیں کہ اس مجسمے کو دیکھنے کے لیے آنے والوں کو ان کی زندگی اور ان کی میراث جانچنے کا موقع ملے گا۔ ملکہ برطانیہ نے بھی اس حوالے سے حمایت کا اعلان کیا ہے۔

 

شہزادہ ولیم نے ایک بیان میں کہا تھا کہ ان کی والدہ کی ہلاکت کی وجہ سے ان میں شدید غم و غصہ پیدا ہو گیا تھا۔ واضح رہے 1997 میں فرانس کے دارالحکومت پیرس میں شہزادی ڈیانا اور ان کے ساتھی دودی الفائد ایک کار حادثے میں ہلاک ہو گئے تھے۔ شہزادی کی وفات پر دنیا بھر میں شدید غم کی لہر دوڑ گئی تھی اور ان کی آخری رسومات کو ٹی وی پر دو ارب ناظرین نے دیکھا تھا