امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے احکامات سے گوگل بھی پریشان

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے احکامات سے گوگل بھی پریشان

لندن : امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے احکامات سے گوگل بھی پریشان ہو گیا .ٹیکنالوجی کمپنی گوگل کا کہنا ہے کہ اس نے صدر ٹرمپ کی جانب سے سات مسلم ممالک کے شہریوں کے امریکا داخلے پر پابندی کے بعد اپنے اس تمام عملے کو واپس بلا لیا ہے جو بیرون ملک سفر پر ہیں۔

برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق نو منتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے احکامات کے تحت ایران اور عراق سمیت چھ ممالک کے باشندوں کو اگلے تین ماہ تک ویزے جاری نہیں کیے جائیں گے۔ گوگل نے بتایا ہے کہ اسے ایسے کسی بھی حکم یا اقدام پر تشویش ہے جس کی وجہ سے باصلاحیت افراد امریکا نہ آسکیں۔ان نئی پابندیوں سے وہ ٹیکنالوجی کمپنیاں بہت متاثر ہوں گی، جو خصوصی ایچ ون – بی ویزے پر بیرون ملک سے ہنرمند افراد کو بلاتی ہیں۔ فیس بک کے بانی مارک زکربرگ نے ایک طویل پیغام میں لکھا ہے کہ وہ صدر کے اس حکم نامے پر کافی پریشان ہیں کیونکہ وہ بھی کئی دوسرے امریکیوں کی طرح پناہ گزینوں ہی کی اولاد ہیں۔