افریقی ملک کانگو میں عسکریت پسندوں کا حملہ، اقوام متحدہ کے امن مشن میں شامل پاکستانی فوج شہید

افریقی ملک کانگو میں عسکریت پسندوں کا حملہ، اقوام متحدہ کے امن مشن میں شامل پاکستانی فوج شہید

کنشاسا:افریقہ کے ملک کانگو میں اقوام متحدہ کے امن مشن میں شامل ایک پاکستانی فوجی عسکریت پسندوں کے حملے میں شہید جبکہ ایک زخمی ہوگیا۔


غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق کانگو کے جنوبی صوبے کیوو میں اقوام متحدہ کے امن مشن پر گھات لگائے ہوئے مسلح گروپ نے حملہ کردیا جس کے نتیجے میں ایک پاکستانی فوجی شہید ہوگیا جس کی تصدیق اقوام متحدہ کے ترجمان نے بھی کردی ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے بھی ایک بیان جاری کیا گیا جس میں کہا گیا کہ کانگو کے جنوبی صوبہ کیوو کے علاقہ براکا میں مسلح باغیوں نے پاکستانی امن مشن کے قافلے پر حملہ کیا، فائرنگ کے تبادلے میں نائیک نعیم رضا شہید اور سپاہی بلال زخمی ہوگیا۔ پاکستانی اہلکاروں کی موثر جوابی کارروائی سے مسلح باغیوں کا حملہ ناکام کردیا گیا۔

آئی ایس پی آر کی جانب سے مزید کہا گیا کہ اقوام متحدہ امن مشن میں پاکستان کے 156 اہلکار شہید ہوچکے ہیں۔سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ کی جانب سے بھی واقعے کی بھرپور مذمت کی گئی ہے اور ذمے داروں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کا کہا گیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ کانگو کی حکومت کے ساتھ تنائوکے باوجود ملک کے سکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کی کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔ سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ نے امن مشن میں تعینات پاکستانی جوان کی شہادت پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ زخمی جوانوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعاگو ہیں۔