چین کا عراق میں آئل ریفائنری لگانے کا اعلان

چین کا عراق میں آئل ریفائنری لگانے کا اعلان

بغداد : عراق میں چینی شراکت داری کے ساتھ بندرگاہی شہر الفاو میں ایک آئل ریفائنری تعمیر کی جائے گی۔ یہ مجوزہ ریفائنری یومیہ 3 لاکھ بیرل تیل پیدا کرنے کی صلاحیت کی حامل ہو گی۔ عراقی وزارت برائے تیل کے مطابق بغداد حکومت چین کی دو کمپنیوں کی مدد سے الفاو میں ایک آئل فیلڈ تعمیر کرنے کا منصوبہ رکھتی ہے۔

وزارت کی ویب سائٹ پر جاری کردہ ایک بیان کے مطابق اس بندرگاہی شہر میں تعمیر کی جانے والی اس آئل ریفائنری کے ساتھ پیٹروکیمکل کا ایک پلانٹ بھی لگایا جائے گا۔چین کی کوشش ہے کہ وہ دنیا کے دیگر خطوں کی طرح مشرق وسطیٰ کے ممالک میں بھی سرمایہ کاری کرے۔عراقی حکومت کے مطابق بغداد حکومت کی کوشش ہے کہ عراق میں تین مزید آئل ریفائنریاں بھی قائم کی جائیں، جس کی خاطر سرمایہ کاروں کی تلاش کا کام جاری ہے۔

عراقی وزارت تیل کے مطابق جنوبی عراق کے علاقے ناصریہ اور مغربی صوبے انبار میں ایک ایک آئل ریفائنری بنائی جائے گی، جو یومیہ ڈیڑھ لاکھ بیرل خام تیل پیدا کرنے کی صلاحیت کی حامل ہوں گی۔اسی طرح تیسری آئل ریفارئنری موصل کے نزدیک واقع شہر القیارہ میں قائم کرنے کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔

یہ آئل فیلڈ ایک لاکھ تیل یومیہ پیدا کر سکے گی۔ موصل کو گزشتہ برس ہی انتہا پسند گروہ داعش سے آزاد کرایا گیا تھا۔ وہاں اب بحالی اور تعمیر نو کا کام بھی جاری ہے۔عراق، سعودی عرب کے بعد تیل پیدا کرنے والا دنیا کا دوسرا سب سے بڑا ملک ہے۔ یہ دونوں ممالک تیل پیدا کرنے والی تنظیم اوپیک کے رکن ملک بھی ہیں۔