عراق میں اجتماعی قبر سے فوجیوں اور عام شہریوں کی 75 لاشیں برآمد

عراق میں اجتماعی قبر سے فوجیوں اور عام شہریوں کی 75 لاشیں برآمد


بغداد: عراق میں اجتماعی قبر سے فوجیوں اور عام شہریوں کی 75 لاشیں برآمد کرلی گئیں۔


تفصیلات کے مطابق عراق کے حکام نے بتایا ہے کہ ملک کے شمالی شہر کرکوک سے ایک اجتماعی قبر ملی ہے جس میں 75 افراد کی لاشوں کی باقیات کا پتا چلایا گیا ہے۔کرکوک شہر کے گورنر راکان سعید الجبوری نے بتایا کہ اجتماعی قبر سے ملنے والی لاشوں میں عام شہریوں اور عراقی فوجیوں کی لاشیں بھی شامل ہیں۔ انہیں شدت پسند گروپ داعش نے شہر پرقبضے کے دوران پکڑ نے کے بعد موت کے گھاٹ اتار دیا تھا۔


الجبوری نے بتایا کہ مقامی شہریوں نے الحشد الشعبی ملیشیا کو بتایا کہ الحویجہ کے قریب ایک اجتماعی قبرموجود ہے جس میں داعش کی جانب سے قتل کئے دسیوں افراد اور عراقی فوجیوں کو دفن کیا گیا تھا۔خیال رہے کہ عراق اجتماعی قبروں کے حوالے سے مشہور ہے۔ حکام کے مطابق صرف کرکوک شہر میں اب تک 14 اجتماعی قبریں دریافت کی گئی ہیں جن میں سیکڑوں افراد کو بے رحمی کے ساتھ موت کے گھاٹ اتارنے کے بعد دفن کیا گیا تھا۔