زینب کیس کو جلد منطقی انجام تک پہنچایا جائے،آئی جی پنجاب

 زینب کیس کو جلد منطقی انجام تک پہنچایا جائے،آئی جی پنجاب

لاہور: آئی جی پنجاب نے زینب کیس کی تحقیقات کرنے والی جے آئی ٹی کو جلد از جلد کیس منطقی انجام تک پہنچانے کی ہدایت کی ہے۔

پیر کو آئی جی پنجاب عارف نواز   کی سربراہی میں قصور واقعے پر جے آئی ٹی کا اہم اجلاس ہوا جس میں جے آئی ٹی سربراہ محمد ادریس اور  آر پی او  شیخو پورہ ذوالفقار حمید سمیت دیگر نے شرکت کی جب کہ اجلاس میں زینب قتل کیس کے ملزم عمران سے کی گئی تفتیش پر پیش رفت کا جائزہ  لیا  گیا۔

آئی جی پنجاب نے جے آئی ٹی کو کیس کو جلد از جلد منطقی انجام تک پہنچانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ زیادتی کے تمام کیسز   کی تفتیش کے مراحل کو  جلد از جلد مکمل کیاجائے، تفتیش میں جدید  اور روایتی طرز  پر تمام شواہد  کا جائزہ لیا جائے۔ آئی جی پنجاب کا کہنا تھا کہ متاثرہ خاندانوں کو ہر صورت انصاف مہیا کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ قصور میں زیادتی کے بعد قتل کی جانے والی زینب کے قاتل عمران نے اپنے جرم کا اعتراف کرلیا ہے جس میں اس نے مزید بچیوں سے بھی زیادتی کا اعتراف کیا۔