جنگی جنون میں مبتلا مودی کو پاکستان نے منہ توڑ جواب دیدیا

جنگی جنون میں مبتلا مودی کو پاکستان نے منہ توڑ جواب دیدیا

اسلام آباد:پاکستان نے بھارتی وزیراعظم کے غیرذمہ دارانہ اور جنگ بھڑکانے سے متعلق روایتی ہرزہ سرائی کومکمل طور پر مسترد کر دیا ہے۔ یہ بیان ایک طرف پاکستان کے بارے میںناقابل علاج جنون کی عکاسی ہے تودوسری جانب بی جے پی حکومت اور قیادت کی ان مسلسل کوششوں کا حصہ ہے جس کا مقصد کشمیر مخالف، اقلیت مخالف امتیازی ومتعصبانہ پالیسیوں پربھارت پر ہونے والی تنقید سے دنیا کی توجہ ہٹانا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ بھارتی وزیراعظم کی دھمکیاں اور اشتعال انگیز بیانات اس امر کو مزید واضح کرتے ہیں کہ بی جے پی کی قیادت پر انتہاپسندانہ سوچ کا غلبہ ہے جو ریاستی اداروں میں بھی گھس چکی ہے۔ گزشتہ برس بالاکوٹ میں بھارتی مس ایڈونچر، بھارتی طیارے مارگرانے اور بھارتی پائلٹ کی گرفتاری پاکستان کی مسلح افواج کی ہمہ وقت تیاری ،ہر بھارتی جارحیت کا منہ توڑ اور موثر جواب دینے کی صلاحیت و استعداد کے اظہار کے لئے کافی ہونے چاہئیں۔


 دفتر خارجہ کا کہنا تھا کسی بھی جارحیت کا دندان شکن جواب دینے کے لئے ہماری مسلح افواج کی صلاحیت اور عزم کے بارے میں کسی کو کوئی غلط فہمی نہیں ہونی چاہئے۔ہم بین الاقوامی برادری پر زوردیتے ہیں کہ بھارتی قیادت کے جنگی جنون اوراشتعال انگیز غیرذمہ دارانہ بیانات کا نوٹس لے جس کے جارحانہ اقدامات اور رویہ سے خطے کے امن وسلامتی کو شدید خطرات لاحق ہیں۔ ہمیں امید ہے کہ ایسے اقدامات اٹھائے جائیں گے جس سے جموں وکشمیر کے تنازعہ کے پرامن حل کی راہ ہموار ہوگی تاکہ جنوبی ایشیامیں پائیدار امن وسلامتی قائم ہوسکے۔