آئی جی سندھ کا معاملہ ایک نہیں ، دو پاکستان کی مثال ہے ، بلاول بھٹو

 آئی جی سندھ کا معاملہ ایک نہیں ، دو پاکستان کی مثال ہے ، بلاول بھٹو
کیپشن: Image Source: File Photo

اسلام آباد:  پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری نے کہا  ہے کہ سندھ میں آئی جی کا معاملہ ایک نہیں بلکہ دو پاکستان کی ایک اور مثال ہے۔ سندھ میں آئی جی کا معاملہ اس بات کا اظہار ہے کہ نیا پاکستان کا نعرہ ایک مذاق ہے۔


تفصیلات کے مطابق ،  پاکستان پیپلز پارٹی  کے چیئر مین نے کہا ہے  کہ غریب خاندان کے خلاف غیرقانونی کارروائی سے انکار پر وزیراعظم نے آئی جی اسلام آباد کو عہدے سے ہٹادیا۔ 

بلاول بھٹو نے مزید لکھا کہ غریب خاندان کا جرم تھا کہ ایک گائے وزیر کے گھر میں گھس گئی تھی، سندھ میں کئی ماہ سے جاری قیام امن کی بگڑتی صورت حال کے بعد منتخب نمائندوں نے آئی جی کیلئے پانچ نام وفاق کو دئیے۔

ان کا کہنا تھا کہ سندھ کے آئی جی کے لئے نئے نام سنیارٹی کی بنیاد اور عوامی مطالبے پر وفاقی حکومت کو بھیجے گئے، سندھ میں آئی جی کا معاملہ ایک نہیں بلکہ دو پاکستان کی ایک اور مثال ہے۔

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئر مین کا کہنا تھا کہ سندھ میں آئی جی کا معاملہ اس بات کا اظہار ہے کہ نیا پاکستان کا نعرہ ایک مذاق ہے، یہ مضحکہ خیز ہوگا کہ اگر اس سارے معاملے کا نتیجہ عوام کی زندگیوں سے کھیلنے کے مترادف نہ نکلے۔

اس سے قبل وزیراعظم عمران خان نے آئی جی سندھ کلیم امام کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے انھیں کام جاری رکھنے کی ہدایت کر دی ہے۔