آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا قطر کا دورہ، امیر شیخ تمیم بن حماد الثانی سے ملاقات

General Qamar Javed Bajwa, Chief of Army Staff (COAS) visited Qatar on two days official visit.
کیپشن: بشکریہ آئی ایس پی آر

راولپنڈی: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اپنے دو روزہ دورے پر قطر پہنچ گئے ہیں، جہاں ان کی امیر قطر شیخ تمیم بن حماد الثانی سمیت اعلیٰ سرکاری اور عسکری قیادت سے ملاقاتیں ہوئیں۔ ان ملاقاتوں میں دونوں ملکوں کے درمیان دو طرفہ تعلقات اور دفاعی تعاون کے فروغ پر بات چیت کی گئی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ قطر کے دورے پر پہنچے تو ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔ پاک فوج کے سربراہ کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا اور فوج کے چاق وچوبند دستے نے سلامی دی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی بعد ازاں امیر قطر شیخ تمیم بن حماد الثانی سے اہم ملاقات ہوئی جس میں باہمی دلچسپی کے امور، دفاعی، سیکیورٹی تعاون اور خطے کے سیاسی ماحول پر گفتگو کی گئی۔

دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور قطر کا دفاعی تعلقات کو مزید مستحکم بنانے پر اتفاق کیا۔ قطری قیادت نے پاکستان اور قطر کے برادرانہ تعلقات کی اہمیت کا اعادہ کیا۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے قطر کے ڈپٹی وزیراعظم، وزیر دفاع اور لیفٹیننٹ جنرل غنیم بن شاہین سے بھی ملاقات کی۔ آرمی چیف نے قطر کے احمد بن محمد ملٹری کالج میں پاسنگ آؤٹ پریڈ کا مشاہدہ کیا۔ انہوں نے احمد بن محمد ملٹری کالج کے اعلیٰ معیار کو سراہا۔