عمران خان کو حکومت چلانے کی سوچ سمجھ نہیں ہے، احسن اقبال

Imran Khan does not understand the idea of ​​running the government, Ahsan Iqbal
کیپشن: فائل فوٹو

اسلام آباد: مسلم لیگ (ن) کے رہنما احسن اقبال نے وزیراعظم عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ انھیں حکومت چلانے کی سوچ سمجھ نہیں ہے، وہ نظام ناکارہ قراردےکرجان چھڑانےکی کوشش کرتے ہیں۔

گزشتہ روز اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے پھر مینارپاکستان والا لیکچر دہرایا، وہ سلیکٹڈ اور تابعدار ڈی چوک والی تقریر کرتے ہیں۔ حکومت کو تیسرا سال ہو گیا لیکن وہ آج تک اپنی ناکامی کا ہر الزام ن لیگ پر لگاتے ہیں۔

احسن اقبال کا کہنا تھا کہ ن لیگ نے صرف تقریریں اور ہوائی باتیں نہیں کیں بلکہ کام کرکے دکھایا۔ ہم نے توانائی کے منصوبے مکمل کرکے دکھائے۔ پی ٹی آئی حکومت 11 ہزار میگا واٹ کے منصوبے لگا کر دکھائے۔ عمران خان کو حکومت چلانے کی سوچ سمجھ نہیں ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ جس نظام کے بوسیدہ ہونے کی بات کرتے ہیں، اس سے ہم نے سب سے بڑی ترقی کرکے دکھائی۔ کراچی تا پشاور لوگ فضائی کے بجائے موٹروے پر سفر کو ترجیح دیتے ہیں۔ ہم نے کراچی میں امن قائم کرکے دکھایا۔ ن لیگ کی قیادت نے کبھی یوٹرن نہیں لیا۔ عمران خان نظام ناکارہ قرار دے کر جان چھڑانے کی کوشش کرتے ہیں۔

لیگی رہنما نے کہا کہ مسٹر یوٹرن آپ خودی پر لیکچر دینے کا کیا حق رکھتے ہیں۔ خودی یہ بھی درس دیتی ہے کہ آدمی جو بات کرتا ہے اس پر کٹ مرتا ہے، پیچھے نہیں ہٹتا۔ ہر وعدے پر یوٹرن لینا کسی خوددار آدمی کی نشانی نہیں، عمران خان نے آکر ترقی کے تسلسل کو توڑ دیا ہے۔ عمران خان نے ترقی کرتی ہوئی معیشت کو ڈبو دیا۔

انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف کے پاس نہیں جاؤں گا، مہنگائی کم کرونگا، آج عمران خان کے یہ وعدے کہاں ہیں؟ ن لیگ نے ہر وعدہ پورا کرکے دکھایا، اندھیرے ختم کرکے دکھائے۔ ورلڈ بینک کی رپورٹ موجود ہے، 2019ء ،2020ء میں 6 فیصد ترقی کی پیشگوئی کر رہے تھے۔ دنیا میں کوئی مثال موجود نہیں کہ کسی معیشت نے 2 سال میں 6 فیصد کریش کیا ہو۔