قومی کھلاڑیوں کا شاندار کھیل، کراچی ٹیسٹ میں جنوبی افریقا کو 7 وکٹوں سے شکست

Karachi Test: South Africa out for 245, Pakistan needs only 88 runs to win
کیپشن: بشکریہ کرک انفو

کراچی: شہر قائد میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میچ میں پاکستانی باؤلرز کی آؤٹ کلاس پرفارمنس نے مہمان پروٹیز کو صرف 245 رنز پر ڈھیر کرکے اپنی ٹیم کی جیت کیلئے راہ ہموار کر لی تھی۔ پاکستان کو فتح کیلئے صرف 88 رنز درکار تھے۔ پاکستان نے صرف 3  وکٹوں کے نقصان پر مقررہ ہدف پورا کیا۔

پاکستانی باؤلر نعمان علی کی گیند بازی انتہائی شاندار رہی جنہوں نے صرف 35 رنز دے کر جنوبی افریقا کے 5 کھلاڑی شکار کئے دیگر باؤلرز میں یاسر شاہ نے 4 جبکہ حسن علی نے ایک وکٹ حاصل کی۔

جنوبی افریقا کی جانب سے ایڈن مارکرم کی بیٹنگ اچھی رہی، انہوں نے پاکستانی گیند بازوں کا دلیری سے سامنا کیا اور ٹک کر بیٹنگ کی۔ مارکرم نے 304 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 10 چوکوں کی مدد سے 74 رنز کی اننگز کھیلی۔

ان کے علاوہ رازی وین ڈر سین 54، ڈین ایلگر 29، فاف ڈوپلیسی 10، کیشیو مہاراج 2، کونٹن ڈی کوک 2، ٹیمبا بوما 40، جارج لنڈے 11، کیگسو ربادا 1 اور اینرچ نارٹجے کوئی رن نہ بنا سکے۔

خیال رہے کہ پاکستان نے اپنی پہلی اننگز میں 378 رنز بنائے تھے۔ پاکستان نے یہ رنز فواد عالم کی شاندار کارکردگی کی بدولت بنائے۔ فواد عالم نے آؤٹ کلاس پرفارمنس دی اور 109 رنز کی یادگار اننگز کھیلی۔ دیگر بلے بازوں میں فہیم اشرف 64 جبکہ اظہر علی 51 رنز کیساتھ نمایاں بلے باز رہے تھے۔