پی ڈی ایم نے فیل ہی ہونا تھا، سارے ڈاکو مل کر بلیک میل کر رہے ہیں، وزیراعظم

پی ڈی ایم نے فیل ہی ہونا تھا، سارے ڈاکو مل کر بلیک میل کر رہے ہیں، وزیراعظم
کیپشن: پی ڈی ایم نے فیل ہی ہونا تھا، سارے ڈاکو مل کر بلیک میل کر رہے ہیں، وزیراعظم
سورس: فائل فوٹو

ساہیوال: وزیراعظم عمران خان نے وزیر اعلیٰ پنجاب کو قبضہ مافیا کے محلات گرانے پر مبارکباد دے دی۔ کامیاب جوان پروگرام کی تقریب سے وزیراعظم نے خطاب کرتے ہوئے کہا بیرون ملک مقیم پاکستانی محنت سے زمین خریدتے ہیں اور تارکین وطن گھر بنانے کیلئے جب واپس آتے ہیں تو ان کی زمین پر قبضہ ہو جاتا ہے اور اب ہماری حکومت نے قبضہ مافیا کے خلاف ایکشن لیا ہے جبکہ لوگ کہتے ہیں تبدیلی کیا ہے تاہم یہ ہے تبدیلی جہان سب قانون کے برابر ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا قانون کی بالادستی کے بغیر کسی ملک نے ترقی نہیں کی اور قبضہ گروپ بہت بڑی لعنت ہے جبکہ لاہور کے سب سے بڑے قبضہ گروپ کا محل گرتا دیکھا کیونکہ سابق وزیراعظم اور ان کی حکومت نے قبضہ گروپس کو تحفظ دیا اور قبضہ گروپ کی پشت پر سابق وزیراعظم اور اس کی فیملی کھڑی تھی۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ساہیوال میں شہریوں کو ساڑھے 7 لاکھ کی ہیلتھ انشورنس ملے گی اور ساہیوال میں تمام خاندانوں کو صحت انصاف کارڈ ملے گا جبکہ احساس پروگرام کا مطلب ہی نچلے طبقے کا تحفظ ہے کیونکہ احساس پروگرام کے ذریعے 180 ارب روپے بانٹے گئے۔ اپریل سے ملک بھر میں ایک سلیبس لا رہے ہیں کیونکہ سرکاری سکولوں اور نجی تعلیمی اداروں کے سلیبس میں فرق ہے اور یکساں نصاب سے غریب بچوں کو اوپر آنے کا موقع ملے گا۔

وزیراعظم نے اپنے خطاب میں مزید کہا تحریک انصاف نیا لوکل گورنمنٹ سسٹم لائی ہے اور لوگوں کے مسائل ان کے گھروں میں حل ہوں گے۔ پاکستان میں ماحولیات پر کسی نے توجہ نہیں دی اور آہستہ آہستہ ملک میں جنگلات ختم ہو گئے جبکہ ملک میں جنگلات کو دوبارہ فروغ دے رہے ہیں اور جنگلات کی اراضی سے بھی قبضے چھڑائیں گے۔

وزیراعظم صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا یہ کیسے ممکن ہے پیسہ لگا کر سینیٹر بننے والا پیسہ نہیں بنائے گا اس وجہ سے سینیٹ انتخابات میں اوپن بیلٹنگ کیلئے آئینی ترمیم کر رہے ہیں۔ اپوزیشن اور حکومت مل کر پارلیمنٹ چلاتے ہیں لیکن انہوں نے پہلے دن سے پارلیمنٹ کو این آر او کیلئے استعمال کیا اور پارلیمنٹ میں عوامی مفاد کی بحث نہیں ہوسکی۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ سیاسی پشت پناہی کے بغیر سرکاری زمینوں پر قبضہ نہیں ہو سکتا جبکہ مریم نواز نے قبضہ مافیا سے اظہار یکجہتی کیا اور کھوکھر برادران نے 130 کروڑ کی سرکاری زمین پر قبضہ کیا۔ خود کو مستقبل کا لیڈر کہنے والی مریم نواز قبضہ مافیا کی حمایت کر رہی ہیں اور ان کے دور میں ہر رہنما نے سرکاری زمینوں پر قبضے کیے جبکہ وزیراعظم قبضہ گروپس کی پشت پناہی کرے تو باقی کو کون روکے۔ 

عمران خان کا کہنا تھا کہ فضل الرحمان کرپٹ آدمی ہیں اور ان کو مولانا کہنا علماء کی توہین ہے۔ فضل الرحمان مدارس کے بچوں کو استعمال کر کے اربوں پتی بنے۔ پی ٹی آئی نے الیکشن کمیشن میں 40 ہزار اکاؤنٹس کا ڈیٹا دیا ہے، چیلنج کرتا ہوں یہ جماعتیں ایک ہزار اکاؤنٹس کی تفصیلات بھی نہیں دے سکتیں۔

اس سے قبل ساہیوال آمد پر گورنر پنجاب نے وزیر اعظم کا استقبال کیا جبکہ وزیر اعلی عثمان بزادار بھی دورے میں ان کے ہمراہ تھے۔  ساہیوال میں وزیر اعظم کی زیر صدارت اجلاس بھی ہوا، اجلاس میں وزیر اعلی عثمان بزدار، گورنر پنجاب، چیف سیکرٹری اور آئی پنجاب شریک ہوئے۔ وزیر اعظم کو صوبے میں امن و امان، انتظامی امور، ساہیوال کے 18 ارب کے منصوبوں اور صوبے بھر میں صحت انصاف کارڈ کے اجراء پر بریفنگ دی گئی۔