کورونا کیخلاف گولی کی شکل میں پہلی دوا کی حتمی منظوری

کورونا کیخلاف گولی کی شکل میں پہلی دوا کی حتمی منظوری

یورپی کمیشن نے  کورونا وائرس کے علاج کے لیے امریکی ملٹی نیشنل فارماسیوٹیکل اور بائیو ٹیکنالوجی کمپنی فائزر کی گولی کی شکل میں پہلی دوا   کے استعمال کی حتمی منظوری دے دی۔

تفصیلات کے مطابق یورپی کمیشن نے گزشتہ روز کو فائزر کمپنی کی تیار کردہ گولی کی شکل میں پہلی کو کورونا وبا کیخلاف بطور علاج استعمال کرنے کی حتمی منظوری دی۔ جس کے بعد یورپی یونین کے رکن ممالک میں کورونا کے علاج کیلئے یہ ٹیبلٹ وسیع پیمانے پر دستیاب ہوگی۔

یورپی یونین کی ہیلتھ کمشنر اسٹیلا کیریاکائڈز نے ٹویٹ کے ذریعے فائزر کی کورونا کیخلاف تیار کردہ گولی کی حتمی منظوری کی خبر دی۔

قبل ازیں امریکی فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن نے  کورونا وبا کے علاج کیلئے فائزر کی گولی  کے استعمال کی منظوری دی تھی۔


کورونا ویکسین تیار کرنے والی کمپنی فائزر  نے مختلف لیب تجربات کے بعد دعویٰ کیا ہے کہ   کورونا وائرس کے خلاف پہلی ٹیبلٹ شدید بیماری سے محفوظ کرنے کے لیے90 فیصد تک موثر ہے اور اسے اومیکرون کے خلاف اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔

دوا کو 12 سال اور اس سے زائد عمر کے افراد استعمال کر سکتے ہیں۔مریض کو پیکسلووڈ گولی پانچ روز تک دن میں 2 مرتبہ استعمال کرنا ہو گی۔

گولی کی صورت میں دوا کو عالمی سطح پر کورونا کے خلاف مؤثر قرار دیا جا رہا ہے۔