قومی انڈر 19 کرکٹ ٹیم ورلڈ کپ کی دوڑ سے باہر

قومی انڈر 19 کرکٹ ٹیم ورلڈ کپ کی دوڑ سے باہر

جمیکا: آسٹریلیا نے کوارٹر فائنل مقابلے میں قومی انڈر 19 کرکٹ ٹیم کو  119 رنز سے ہرا کر ورلڈکپ کی دوڑ سے باہر کر دیا۔

تفصیلات کے مطابق ویسٹ انڈیز میں کھیلے جارہے  انڈر 19 ورلڈکپ کے کوارٹر فائنل مقابلے میں پاکستان انڈر 19 ٹیم کا ٹاکرا آسٹریلیا کیساتھ ہوا، جس میں قومی انڈر 19 ٹیم نے کینگروز کیخلاف ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔

آسٹریلوی انڈر 19 کرکٹ ٹیم کی جانب سے پہلے کھیلتے ہوئے پاکستانی ٹیم کو  جیت کے لئے 277 رنز کا ٹارگٹ دیا۔

آسٹریلیا کی جانب سے تیگیو ویلی  71 ،کیمپبیل کیلاوے 47،کورے ملر 64،ولیم سالزمان 25 جبکہ  کپتان کوپر کونولے نے 33 رنز کی اننگز کھیلیں۔جبکہ قومی ٹیم کی جانب سے قاسم اکرم نے 3،اویس علی نے 2 وکٹیں جبکہ  ذیشان زمیر اور مہران ممتاز  کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی۔

آسٹریلیا کے 277 رنز  کے ٹارگٹ کے جواب میں قومی انڈر 19 ٹیم کی کارکردگی مایوس کن رہی اور پوری ٹیم محض 157 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ مہران ممتاز 29، عبدالفصیح 28،احمد خان 19 جبکہ کپتان قاسم اکرم  صرف 9 رنز بنا پائے۔آسٹریلیا کی جانب سے ولیم سالزمان  نے 3 ٹوم وٹنے اور جیک سنفیلڈ نے 2،2 شکار کیے جبکہ جیک نسبٹ اور ایڈن کاہل نے ایک ایک وکٹ اُڑائی۔

خیال رہے کہ قومی انڈر 19 ٹیم کو ہرانے کے بعد  آسٹریلین انڈر 19 ٹیم  نے  سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے جہاں اس کا مقابلہ دوسرے سپر لیگ کوارٹر فائنل کی فاتح ٹیم سے ہوگا۔جو کہ پاکستانی وقت کے مطابق  آج شام چھ بجے  بنگلہ دیش اور بھارت کی ٹیموں کے درمیان ہو گا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز افغانستان نے سری لنکا کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 4 رنز سے ہرا کر پہلی بار انڈر 19 ورلڈ کپ  کے سیمی فائنل میں جگہ بنا ئی تھی۔

مصنف کے بارے میں