بیلہ میں چینکی اسٹاپ کے قریب مسافر کوچ کھائی میں گرنے سے 42 افراد جاں بحق، 2 زخمی

بیلہ میں چینکی اسٹاپ کے قریب مسافر کوچ کھائی میں گرنے سے 42 افراد جاں بحق، 2 زخمی

لسبیلہ: بیلہ میں چینکی اسٹاپ کے قریب مسافر کوچ کھائی میں گرنے سے 42 افراد جاں بحق اور 2 زخمی ہو گئے ۔

ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ کھائی میں گرنے کے بعد مسافر کوچ میں آگ لگ گئی، امدادی کارروائیوں کے دوران ابتدائی طور پر 12 افراد کی لاشیں نکال کر اسپتال منتقل کی گئیں ۔

پولیس کا کہنا ہے کہ مسافر کوچ کوئٹہ سے کراچی کی طرف جا رہی تھی کہ بیلہ میں چنیکی اسٹاپ کے قریب کھائی میں گر کر حادثے کا شکار ہو گئی ۔

اسسٹنٹ کمشنر بیلہ نے اس حوالے سے بتایا ہے کہ حادثے کے مقام پر امدادی کارروائیاں مکمل کر لی گئی ہیں ، اب تک 42 افراد کی لاشیں نکالی گئی ہیں جبکہ 2 زخمی افراد کو اسپتال منتقل کیا گیا ہے ۔

اے سی بیلہ کا کہنا ہے کہ حادثے کا شکار بس سے نکالی جانے والی زیادہ تر لاشیں ناقابل شناخت ہیں، لاشوں کی شناخت کے لیے ڈی این اے ٹیسٹ کرایا جائے گا۔

اسسٹنٹ کمشنر بیلہ کے مطابق کوچ میں 44 مسافر سوار تھے ، امدادی کارروائیاں مکمل کرلی گئیں، زخمیوں کو بھی ابتدائی طبی امداد دے کر مزید علاج کے لیے کراچی منتقل کردیا گیا۔

مصنف کے بارے میں