نواز شریف کی نااہلی پاکستان کا اندرونی معاملہ ہے، چین

نواز شریف کی نااہلی پاکستان کا اندرونی معاملہ ہے، چین

بیجنگ: ترجمان چینی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ نواز شریف کی نااہلی پاکستان کا اندرونی معاملہ ہے اور اس کی وجہ سے پاک چین کے تعلقات متاثر نہیں ہونگے۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ پاکستان میں ترقی و استحکام کا عمل جاری رہے گا۔

ترجمان چینی وزارت خارجہ نے کہا کہ چین اور پاکستان کی دوستی ہر آزمائش میں پوری اتری ہے جبکہ ہمیں یقین ہے کہ پاکستان اور چین کے درمیان اسٹریٹیجک تعاون پاکستان کی اندرونی صورتحال میں تبدیلی کی وجہ سے متاثر نہیں ہو گا۔

ان کا کہنا تھا کہ چین پاکستان کے ساتھ اب بھی ون بیلٹ ون روڈ کا مشترکہ منصوبہ جاری رکھنے کا خواہاں ہے جو دونوں ممالک سمیت خطے میں خوشحالی اور ترقی کا ضامن ہے۔

یاد رہے گزشتہ روز سپریم کورٹ نے پاناما عملدرآمد کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے وزیراعظم نواز شریف سمیت وزیر خزانہ اسحاق ڈار اور رکن قومی اسمبلی کیپٹن (ر) صفدر کو بھی نااہل قرار دے دیا۔ اس اہم عدالتی فیصلے میں نواز شریف کو فوری طور پر وزارت عظمیٰ کا عہدہ چھوڑنے جبکہ الیکشن کمیشن کو فوری طور پر وزیراعظم کی نااہلی کا نوٹیفیکشن جاری کرنے کا حکم بھی دیا تھا۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں