نواز نااہلی کے بعد امریکا پاکستان میں اقتدار کی ہموار منتقلی کا خواہش مند

نواز نااہلی کے بعد امریکا پاکستان میں اقتدار کی ہموار منتقلی کا خواہش مند

واشنگٹن: سپریم کورٹ کی جانب سے نواز شریف کی بطور وزیراعظم نااہلی کے بعد امریکا نے پاکستان میں اقتدار کی ہموار منتقلی کے حوالے سے امید ظاہر کر دی۔ اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ کی ترجمان ہیتھر نوریٹ نے ایک سوال کے جواب میں کہا یہ پاکستان کا اندرونی معاملہ ہے اور امریکا پاکستان میں اقتدار کی ہموار منتقلی کا خواہش مند ہے۔

یہ بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ کی جانب سے رواں ہفتے جنوبی ایشاء اور وسطی ایشائی امور کے لیے قائم مقام اسسٹنٹ سیکریٹری آف اسٹیٹ کو ہندوستان اور پاکستان کے 'تعارفی دورے' پر بھیجنے کا اعلان کیا گیا۔ حالیہ سیاسی بحران میں اسلام آباد حکومت کو خارجہ پالیسی سے متعلق صرف اسی اہم معاملے کو ہی نہیں دیکھنا بلکہ ورلڈ بینک ہیڈکوارٹرز میں ہندوستان سے مذاکرات کے لیے ایک اعلیٰ سطح کی ٹیم کو بھی واشنگٹن بھیجنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

پاناما کیس فیصلے کے حوالے سے اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ کا یہ محتاط ردعمل ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ٹرمپ انتظامیہ جنوبی ایشیاء کے حوالے سے ایک نئی حکمت عملی ترتیب دینے میں مصروف ہے اور سینئر امریکی حکام کا ماننا ہے کہ اس نئی پالیسی میں پاکستان کا اہم کردار ہے۔

یاد رہے گزشتہ روز سپریم کورٹ نے پاناما عملدرآمد کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے وزیراعظم نواز شریف سمیت وزیر خزانہ اسحاق ڈار اور رکن قومی اسمبلی کیپٹن (ر) صفدر کو بھی نااہل قرار دے دیا۔ اس اہم عدالتی فیصلے میں نواز شریف کو فوری طور پر وزارت عظمیٰ کا عہدہ چھوڑنے جبکہ الیکشن کمیشن کو فوری طور پر وزیراعظم کی نااہلی کا نوٹیفیکشن جاری کرنے کا حکم بھی دیا تھا۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں