نواز شریف کا نام قومی اسمبلی کی ویب سائٹ سے ہٹا دیا گیا

نواز شریف کا نام قومی اسمبلی کی ویب سائٹ سے ہٹا دیا گیا

اسلام آباد: پاناما کیس کے اہم ترین فیصلے کے بعد نواز شریف کا نام قومی اسمبلی کی ویب سائٹ سے ہٹا دیا گیا ہے۔ سپریم کورٹ کی جانب سے نواز شریف کو نااہل قرار دیے جانے کے بعد وہ رکن قومی اسمبلی نہیں رہے۔ قومی اسمبلی کی ویب سائٹ سے تصویر اور نواز شریف کا نام بطور ایم این اے ہٹا دیا گیا ہے۔ الیکشن کمیشن کی ویب سائٹ پر بھی نواز شریف کا ڈی سیٹ سے متعلق الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔

یاد رہے گزشتہ روز سپریم کورٹ نے پاناما عملدرآمد کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے نواز شریف سمیت وزیر خزانہ اسحاق ڈار اور رکن قومی اسمبلی کیپٹن (ر) صفدر کو بھی نااہل قرار دے دیا تھا۔

 

اس اہم عدالتی فیصلے میں نواز شریف کو فوری طور پر وزارت عظمیٰ کا عہدہ چھوڑنے جبکہ الیکشن کمیشن کو فوری طور پر وزیراعظم کی نااہلی کا نوٹیفیکشن جاری کرنے کا حکم بھی دیا گیا تھا۔

واضح رہے نواز شریف 2013 کے عام انتخابات میں لاہور کے حلقہ 120 سے رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں