وہ منصوبے جن کا نواز شریف افتتاح نہ کرسکے

وہ منصوبے جن کا نواز شریف افتتاح نہ کرسکے

اسلام آباد: سپریم کورٹ آف پاکستان کی جانب سے نااہل قرار دیئے جانے کے سبب سابق وزیراعظم نواز شریف منصوبوں کے افتتاح کا ایک طویل سلسلہ مکمل نہ کرسکے۔ان منصوبوں میں سے ایک اہم منصوبہ رواں سال دسمبر میں پاکستان کو ''لوڈ شیڈنگ فری''ملک قرار دینے کا منصوبہ بھی تھا۔1200میگاواٹ کا بلوکی پاور پراجیکٹ وہ پہلا منصوبہ ہے جس کا افتتاح نواز شریف نہ کرسکے، اس پاور پراجیکٹ کی افتتاحی تقریب31جولائی کو طے کی گئی تھی۔واضح رہے بلوکی پاور پراجیکٹ کے افتتاح کی تمام تیاریاں مکمل ہوچکی تھیں جبکہ مہمانوں کو دعوت نامے بھی روانہ کیے جاچکے تھے۔

31جولائی کے بعد3-2اگست کو نواز شریف نے4320میگاواٹ کے داسو ہائڈرو پاور پراجیکٹ کا سنگِ بنیاد رکھنے کی تقریب میں شرکت کرنی تھی۔داسو ہائڈرو پاور پراجیکٹ کی تقریب کے دعوت نامے ابھی شائع ہونا باقی تھے جبکہ موسم کی صورتحال کے پیش نظر تقریب کے حتمی دن کا فیصلہ بھی نہیں کیا گیا تھا۔اس سلسلے کا تیسرا منصوبہ 340میگاواٹ کا چشمہ فور نیوکلیئر پاور پلانٹ تھا جس کا افتتاح کیا جانا تھا۔چشمہ پاور پلانٹ پر تجرباتی کام کا آغاز کیا جاچکا ہے جبکہ اس کے کمرشل آپریشن کی تاریخ اور افتتاح کا حتمی فیصلہ اگست کے تیسرے ہفتے میں ہونا تھا۔توانائی کے ان منصوبوں سے قبل 14اگست کو نواز شریف نے نئے اسلام آباد ایئرپورٹ کا افتتاح کرنا تھا جبکہ وفاقی دارالحکومت سے ایئرپورٹ کو منسلک کرنے والا خصوصی میٹرو ٹرانسپورٹ منصوبہ بھی اس کا حصہ تھا۔اس کے علاوہ پورٹ قاسم پر بھی 1320میگاواٹ کا کوئلہ سے چلنے والا ایک اہم توانائی منصوبہ تکمیل کے حتمی مراحل میں تھا جبکہ اس کے اسپانسرز نااہل ہونے والے وزیراعظم سے ستمبر میں اس کی افتتاحی تقریب کے لیے حتمی تاریخ طے کرنے والے تھے۔یہ منصوبہ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے(سی پیک)کے تحت جلد مکمل ہونے والے منصوبوں میں سے ایک تھا۔

علاوہ ازیں حکومت 1180میگاواٹ کے بھکی ایل این جی منصوبے کی کمرشل آپریشن کے آغاز کی حتمی تواریخ کے حوالے سے کنٹریکٹرز سے رابطے میں تھی۔ممکنہ طور پر اس منصوبے کا افتتاح اکتوبر کے پہلے ہفتے میں متوقع تھا۔اسی سے ملتے جلتے 1200میگاواٹ کے حویلی بہادر شاہ منصوبے سے مکمل پیداوار نومبر میں حاصل ہونے کا امکان تھا۔ حکومت تجرباتی طور پر کام کرنے والے بیشتر پلانٹس کا جائزہ لینے میں مصروف تھی تاکہ اس بات کا فیصلہ کیا جاسکے کہ حویلی بہادر شاہ منصوبے کی افتتاحی تقریب میں وزیراعظم ملک کو لوڈ شیڈنگ فری قرار دینے کا اعلان کریں یا اس اعلان کے لیے علیحدہ تقریب منعقد کی جائے۔

مصنف کے بارے میں