شاہد خاقان عباسی عبوری وزیراعظم ہوں گے

شاہد خاقان عباسی عبوری وزیراعظم ہوں گے

اسلام آباد: سابق وزیر اعظم نواز شریف کی زیر صدارت نواز لیگ کا ساڑھے 4 گھنٹے طویل اجلاس وزیر اعظم ہاؤس میں ہوا جس میں اہم فیصلے کئے گئے۔ عبوری وزیراعظم کے لئے شاہد خاقان عباسی کے نام پر اتفاق کر لیا گیا ہے۔ وہ 45 روز کے لئے وزیراعظم کے عہدے پر رہیں گے اور شہباز شریف کے ایم این اے بننے کے بعد وزارت عظمیٰ ان کو دے دی جائے گی۔

اس سے پہلے اجلاس میں وزارت عظمیٰ اور پارٹی قیادت شہباز شریف کے سپرد کرنے پر بھی اتفاق ہو گیا ہے۔ وزیر اعلی پنجاب کے لئے رانا ثنا اللہ اور مجتبیٰ شجاع الرحمان سمیت تین ناموں پر مشاورت کی گئی۔ اجلاس میں تمام پارٹی رہنماؤں نے اس بات پر بھی اتفاق کیا کہ سابق وزیراعظم نواز شریف سیاسی میدان میں سرگرم رہیں گے۔

یاد رہے گزشتہ روز سپریم کورٹ نے پاناما عملدرآمد کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے نواز شریف سمیت وزیر خزانہ اسحاق ڈار اور رکن قومی اسمبلی کیپٹن (ر) صفدر کو بھی نااہل قرار دے دیا تھا۔ اس اہم عدالتی فیصلے میں نواز شریف کو فوری طور پر وزارت عظمیٰ کا عہدہ چھوڑنے جبکہ الیکشن کمیشن کو فوری طور پر وزیراعظم کی نااہلی کا نوٹیفیکشن جاری کرنے کا حکم بھی دیا گیا تھا۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں