الیکشن پر شدید تحفظات، ریکارڈ پر لانا ضروری ہے:گورنر سندھ محمد زبیر

الیکشن پر شدید تحفظات، ریکارڈ پر لانا ضروری ہے:گورنر سندھ محمد زبیر
کیپشن: فائل فوٹو

کراچی:گزشتہ روز استعفیٰ دینے والے گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ ہمیں الیکشن پر شدید تحفظات ہیں جن کو ریکارڈ پر لانا ضروری ہے،4 روز گزرنے کے باوجود الیکشن کے نتائج ابھی تک مکمل نہیں ہوئے۔


تفصیلات کے مطابق پریس کانفرنس کے دوران گورنر کے عہدے سے مستعفی ہونے کا اعلان کرتے ہوئے محمد زبیر نے کہا کہ کوئی شک نہیں، الیکشن ایک پارٹی کو جتوانے کیلئے کروائے گئے ،پشاور سے کراچی تک کاﺅنٹنگ کو مینج کیا گیا،ہزاروں موبائل کلپس موجودہیں جن میں کاﺅنٹنگ کیلئے ڈکٹیٹ کیاگیا۔


انہوںنے کہا کہ موبائل فون کی اجازت نہیں تھی لیکن وڈیو کلپ سامنے آئیں ، الیکشن کمیشن کو 8بجے بتاناچاہئے تھاکہ آرٹی ایس سسٹم بیٹھ گیاہے،اپنی زندگی میں ایسے الیکشن نہیں دیکھے،گورنر سندھ نے کہا کہ کہیں دوبارہ ووٹوں کی گنتی کی اجازت دی جا رہی ہے اور کہیں نہیں دی جا رہی۔

محمد زبیر نے کہا کہ گورنر دوسری حکومت کیساتھ بھی رہ سکتا ہے،اگر الیکشن ہو جائیں تو گورنر کو ویسے ہی عہدے پر نہیں رہنا چاہئے۔گورنر سندھ نے کہا کہ کوئی شک نہیں الیکشن کو مینج کیا گیا،الیکشن سے پہلے جوڑ توڑ کی گئی ،سینٹ میں صادق سنجرانی کو چیئرمین بنایا گیاکیا یہ اس پر فخر کریں گے۔