حکومت نے زرعی شعبے پر خصوصی توجہ دی ہے: جہانگیر ترین

حکومت نے زرعی شعبے پر خصوصی توجہ دی ہے: جہانگیر ترین
کیپشن: فوٹو بشکریہ فیس بک

اسلام آباد: رہنما تحریک انصاف جہانگیر ترین نے کہا ہے کہ حکومت نے زرعی شعبے پر خصوصی توجہ دی ہے، کپاس کا ایک جامع منصوبہ بن رہا ہے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جہانگیر ترین نے کہا کہ کپاس کا اصل مسئلہ ریسرچ اور قیمت کا ہے۔ کپاس کے کاشتکاروں کے مسائل حل کریں گے۔ رواں سال کپاس کی امدادی قیمت 4 ہزار روپے فی من مقرر کی گئی ہے، اگر اس قیمت پر کاشتکاروں سے کپاس خریدی گئی تو انہیں منافع ہوگا۔

انہوں نے مزید کہا کہ نہروں میں پانی کی مقدار پوری ہے، زراعت پر ایمرجنسی پروگرام شروع کیا جا رہا ہے، کپاس کی قیمت کا تعین ایک ہفتے میں ہو جانا چاہئے، ای سی سی میں کپاس کی قیمت لے کر جائیں گے۔ امید ہے 10 روز میں کپاس کی قیمت کا اعلان کر دیا جائے گا۔

رہنما تحریک انصاف نے کہا کہ پچھلے سال کی نسبت رواں برس کپاس کی پیداوار میں بہتری کی امید ہے۔ کپاس کے کسانوں کو ضرورت کے مطابق پانی مہیا کریں گے۔ حکومت کی مقرر کردہ قیمت سے کسانوں کو فائدہ ہوگا، آئندہ 6 ہفتے بہت اہم ہیں، کپاس کی فصل بہتر ہوگی۔