بھارتی اداکارہ شلپا سیٹھی کی والدہ کے ساتھ فراڈ، درخواست جمع کروادی گئی

بھارتی اداکارہ شلپا سیٹھی کی والدہ کے ساتھ فراڈ، درخواست جمع کروادی گئی
سورس: file photo

ممبئی : بالی ووڈ اداکارہ شلپا شیٹھی کی والدہ سنندا شیٹھی نےسدھا کر نامی شخص کے خلاف فراڈ کی شکایت درج کروادی ۔سنندا شیٹھی نے درخواست میں موقف اختیار کیا ہے کہ سدھاکرگھارےنے اراضی کے معاملے میں ان کے ساتھ دھوکہ دہی سے کام لیا ۔ 

اداکارہ شلپا شیٹھی آج کل اپنے شوہر کے فحش فلموں کے کیس کی وجہ سے ویسے ہی قانونی چکر میں پھنسی ہوئی ہیں اور اب ان کی والدہ نے بھی  زمینی معاہدے  کے معاملے میں ایک شخص کے خلاف دھوکا دہی کی  شکایت درج کروائی ہے۔

 ممبئی پولیس کے مطابق شلپا شیٹھی کی والدہ سنندا شیٹھی نے سدھاکر گھارے نامی شخص پر  جعلی اراضی کے کاغذات فروخت کرنے کا الزام لگایا ہے۔ ممبئی پولیس نے بتایا کہ سدھاکر نے جعلی کاغذات کی مدد سے  سنندا شیٹھی کو ایک کروڑ 6 لاکھ روپے میں زمین فروخت کی۔ دھوکے سے زمین بیچنے والے شخص کے خلاف انڈین پینل کوڈ کی متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا۔

واضح رہے کہ شلپا شیٹھی کے شوہر بزنس مین راج کندرا فحش فلمیں بنانے کے الزام میں  پولیس کی حراست میں ہیں ۔ جب کہ اس کیس کے حوالے سے پولیس شلپا شیٹھی سے بھی دوبار پوچھ گچھ کرچکی ہے۔ تاہم شلپا شیٹھی نے  اپنے شوہر کی کمپنی میں  کسی بھی طرح کی شراکت داری سے انکار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ  اس طرح کی کسی ایپ سےواقف نہیں تھیں اور نہ ہی وہ کسی  بھی طرح کے فحش مواد بنانے میں شامل ہیں۔

دوسری جانب ممبئی کرائم برانچ نے اداکارہ شلپا شیٹھی  کےفحش فلموں کے اسکینڈل میں ملوث ہونے کے بارے میں کہا ہے کہ ابھی تحقیقات جاری ہیں تاہم انہوں نے اداکارہ کو کلین چٹ نہیں دی ہے۔