آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کا اجلاس طلب

آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کا اجلاس طلب
سورس: فائل فوٹو

مظفر آباد: آزاد کشمیر الیکشن کے بعد حکومت سازی مرحلہ کیلئے صدر آزاد کشمیر نے  3  اگست کو قانون ساز اسمبلی کا اجلاس طلب کرلیا۔  اجلاس منگل کو صبح دس بجے طلب کیا گیا ہے۔

نیو نیوز کے مطابق آزاد کشمیر قانون سازی اسمبلی کے پہلے اجلاس میں نومنتخب ارکان قانون ساز اسمبلی حلف اٹھائیں گے۔ 

واضح رہے کہ 25 جولائی کو ہونے والے انتخابات میں تحریک انصاف نے اکثریت حاصل کی ہے اور 45 نشستوں میں سے 25 پر کامیابی حاصل کی ہے ۔ پیپلز پارٹی نے 11 جبکہ حکمران جماعت پاکستان مسلم لیگ ن کے حصے میں 6 سیٹیں آئی ہیں۔

 دوسری طرف وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت آزاد کشمیر  میں حکومت سازی کے حوالے سے اجلاس ختم ہوگیا ہے۔ وزیراعظم نے آزاد کشمیر کی وزارت عظمیٰ کے لیے 4 امیدواروں کے انٹرویوز مکمل کرلیے۔

وزیراعظم سے بیرسٹر سلطان محمود چوہدری، خواجہ فاروق، تنویر الیاس اور اظہر صادق نے الگ الگ ملاقات کی ۔ وزیراعظم نے ہر امیدوار سے پندرہ ،پندرہ منٹ کی ملاقات کی ۔ ملاقاتوں میں علی امین گنڈاپور بھی موجود تھے۔

وزیراعظم نے  امیدواروں سے سیاحت، پن بجلی، معدنیات، صحت تعلیم و ترقیاتی کاموں سے متعلق ویژن دریافت کیا۔ چاروں امیدواروں نے آزاد کشمیر سے متعلق اپنی اپنی ترجیحات سے وزیراعظم کو آگاہ کیا۔ وزیراعظم کی نامزدگی کے لیے عمران خان مزید مشاورت کریں گے جس کے بعد وزیراعظم اور سپیکر و ڈپٹی سپیکر کا اعلان کیا جائےگا۔