شریف فیملی منی ٹریل سے متعلق ایک بھی دستاویز جے آئی ٹی کے سامنے پیش نہیں کر سکی: جہانگیر ترین

شریف فیملی منی ٹریل سے متعلق ایک بھی دستاویز جے آئی ٹی کے سامنے پیش نہیں کر سکی: جہانگیر ترین

لاہور : پاکستان تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل جہانگیر ترین نے دعوی کیا ہے کہ شریف خاندان اپنی منی ٹریل سے متعلق ایک بھی دستاویز جے آئی ٹی کے سامنے پیش نہیں کر سکاـ  نواز شریف نااہل ہو گئے تو حالات میں تبدیلی آئے گی اور بہترہو گا اسی سال عام انتخابات کروائے جائیں۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئےجہانگیر ترین نے کہا کہ پانچ میں سے سپریم کورٹ کے دو جج پہلے ہی وزیر اعظم نواز شریف کو کہہ چکے ہیں کہ وہ صادق اور امین نہیں رہے جبکہ چیف جسٹس بھی کہہ چکے کہ قطری شہزادہ خط کو ''اون''کرنے نہ آئے تو  ردی کی ٹوکری میں پھینک دیا جائے گاـ

انہوں نے کہا کہ قطری شہزادہ اپنے خط کو  اون کرنے پاکستان نہیں آیا اگر یہ خط ردی کی ٹوکری میں پھینک دیا گیا تو شریف خاندان کے پاس اپنی منی ٹریل ثابت کرنے کے لئے کچھ نہیں رہے گاـ

انہوں نے دعوی کیا کہ شریف خاندان جے آئی ٹی کے سامنے منی ٹریل کی ایک بھی دستاویز پیش نہیں کر سکا جس کا مطلب ہے تمام پیسہ منی لانڈرنگ کے ذریعے گیا جو کرپشن کا پیسہ تھاـ

انہوں نے کہا کہ دو جج پہلے ہی میاں نواز شریف کو قرار دے چکے ہیں کہ وہ صادق اور امین نہیں رہے اگر ایک اور جج نے ایسی رائے دے دی تو میاں نواز شریف نا اہل ہو جائیں گے جس کے بعد مسلم لیگ ن کی اکثریت کی بنیاد پر نئے وزیر اعظم کا انتخاب کرنا پڑے گا ـ  تا ہم اس کے بعد حالات میں تبدیلی آئے گی اور بہتر ہو گا  کہ اس سلسلے میں عام انتخابات کروائے جائیں کیونکہ ملک کے اندرونی اور خارجی خالات کے پیش نظر کمزور حکومت بحران اور حالات کا مقابلہ نہیں کر سکتی ـ نئے انتخابات کے ذریعے تازہ مینڈیٹ سے حکومت بنانے کی ضرورت ہے ـ

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ انتخابی اصلاحات کے بغیر انتخابات میں جانا ٹھیک نہیں ہو گاـ  اس حوالے سے بنائی گئی کمیٹی کی سفارشات پارلیمنٹ میں پیش کئے جانے کا انتظار ہے جو پانامہ کیس کی وجہ سے التواء کا شکار ہےـ سفارشات آنے پر پارلیمنٹ ان کی منظوری دے گی ورنہ اس کے بغیر انتخابات میں جانا عقل مندی نہیں ہو گی.

مصنف کے بارے میں