آئل ٹینکر سانحہ، حقائق چھپانے پر موٹر وے پولیس کے 6افسروں معطل

آئل ٹینکر سانحہ، حقائق چھپانے پر موٹر وے پولیس کے 6افسروں معطل

لاہور،ملتان : موٹر وے پولیس نے سانحہ احمد پورشرقیہ کے حوالے سے حقائق چھپانے پر ایک ڈی ایس پی سمیت 6افسروں کو معطل کردیا ۔ترجمان موٹر وے پولیس کے مطابق معطل کیے جانے والوں میں ڈی ایس پی رضوان شاہ، انسپکٹر عبدلصمد، سب انسپکٹر واجد علی ، سب انسپکٹر حیدر، سب انسپکٹر عرفان شاہ اور جونیر پٹرول افسر عمر حسین شامل ہیں۔

ذرائع کے مطابق یہ افسر حقائق چھپانے میں قصور وار پائے گئے اور انہیں انکوائری کے بعد معطل کیا گیا ہے، ترجمان کے مطابق محکمانہ کارروائی میں ذمیداروں کو سخت ترین سزا دینے کی سفارش کی گئی ہے،علاوہ ازیں سانحہ احمد پور شرقیہ کے زیر علاج مزید 4 زخمی دم توڑ گئے، جس کے بعد جاں بحق افراد کی مجموعی تعداد 171 ہوگئی ہے۔

ملتان کے برن یونٹ میں زیر علاج مزید 4 زخمیوں کی ہلاکت کے بعد وہاں جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 27 ہوگئی ہے جبکہ اب تک سانحہ میں مجموعی طور پر جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد 171ہوگئی ۔ریسکیو 1122 کے مطابق برن یونٹ میں زیرعلاج 4 زخمی 18 سالہ فرحان، 42 سالہ عبدالخالق، 16 سالہ سمیع اللہ اور 12 سالہ محمد فہد دم توڑ گئے ۔گزشتہ روز بہاولپور سے مزید 5 زخمیوں کو نشتر برن یونٹ میں منتقل کیا گیا تھا جس کے بعد اب تک برن یونٹ میں زیر علاج زخمیوں کی تعداد 37 ہوگئی ہے۔ڈاکٹرز کے مطابق زیر علاج زخمیوں کی حالت انتہائی نازک ہے۔

مصنف کے بارے میں