'رشتے دار کہتے تھے کہ کالی ہو جائے گی پھر کوئی شادی نہیں کرے گا'

'رشتے دار کہتے تھے کہ کالی ہو جائے گی پھر کوئی شادی نہیں کرے گا'
کیپشن: لوگ ٹینس کھیلنے میری حوصلہ شکنی کرتے تھے، ثانیہ مرزا۔۔۔فوٹو/ آفیشل یو این ویمن انڈیا ٹوئٹر پیچ

ممبئی: بھارتی ٹینس کھلاڑی اور پاکستانی کرکٹر شعیب ملک کی اہلیہ ثانیہ مرزا کا کہنا ہے کہ لوگ ٹینس کھیلنے پر ان کی حوصلہ شکنی کرتے ہوئے کہتے تھے کہ یہ کالی ہو جائے گی اور اس سے کوئی شادی نہیں کرے گا۔

بھارت میں خواتین کے لیے کام کرنے والے اقوام متحدہ کے ادارے یو این ویمن انڈیا کی جانب سے بنائے گئے نغمے ’مجھے حق ہے‘ کی افتتاحی تقریب میں شرکت کے موقع پر ثانیہ مرزا نے کھل کر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

ثانیہ مرزا نے بتایا کہ انہوں نے 6 برس کی عمر میں ٹینس کھیلنا شروع کیا تھا یہ وہ وقت تھا جب یہ بھی سننے کو نہیں ملتا تھا کہ حیدرآباد میں کوئی لڑکی ٹینس کھیلتی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ وہ ایسے گھرانے سے تعلق رکھتی ہیں جہاں بہت سے کرکٹرز ہیں یہاں تک کے ان کے والد بھی کرکٹ کھیلا کرتے تھے۔

تقریب میں ثانیہ مرزا نے اپنے کیریئر کے اتار چڑھاؤ کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ کس طرح انہوں نے لوگوں اور رشتے داروں کی تنقید کا سامنا کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کی کامیابی میں ان کے والدین کا اہم کردار ہے جنہوں نے ہمیشہ ان کی حوصلہ افزائی کی۔

97715634b6650d315cc87083bba180c4

ثانیہ نے بتایا کہ جب میرے والدین نے میرے انکل آنٹی کو میرے ٹینس کھیلنے کا بتایا تو ان کا کہنا تھا ’ یہ کالی ہو جائے گی پھر دیکھنا کوئی اس سے شادی نہیں کرے گا۔

ثانیہ مرزا نے بتایا کہ لڑکیوں کو ہمت نہیں ہارنی چاہیے کیونکہ مرد اور عورت کے برابر حقوق ہیں اور معاشرے کو مساوات پر چلنا چاہیے ۔

ٹینس اسٹار نے دنیا کی اسپورٹس فیکلٹی سے بھی اختلاف کرتے ہوئے بتایا کہ اب تک خواتین کو کھیلوں میں مردوں کے برابر اہمیت نہیں دی جاتی۔ یہاں تک کے مردوں کے انعامات زیادہ ہوتے ہیں جب کہ خواتین کے کم جو کہ ناقابل برداشت ہے۔

35a4390c2a93c84d690ecb2a7eefc7a4

انہوں نے بتایا کہ چاہے میری اولاد بیٹا ہو یا بیٹی مجھے اس کی پرواہ نہیں لیکن اہم بات یہ ہے کہ میں اس کو یہ سکھاؤں کہ سب برابر ہیں۔

اسی دوران ثانیہ مرزا نے یہ بھی بتایا کہ شعیب ملک کو بیٹی کی خواہش ہے اور وہ چاہتے ہیں کہ ان کی پہلی اولاد لڑکی ہو۔

واضح رہے کہ ثانیہ مرزا اور شعیب ملک کی شادی کو 8 برس ہو چکے ہیں۔ دونوں نے 23 اپریل کو ننھے مہمان کی آمد کی خوشخبری نہایت دلچسپ انداز میں سوشل میڈیا پر سنائی تھی۔

 

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں