شاہد خاقان عباسی کو مری سے الیکشن لڑنے کی اجازت مل گئی

شاہد خاقان عباسی کو مری سے الیکشن لڑنے کی اجازت مل گئی
کیپشن: شاہد خاقان عباسی نے لاہور ہائیکورٹ میں گزشتہ روز اپیل کی تھی۔۔۔فائل فوٹو

لاہور: لاہور ہائیکورٹ نے سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو ان کے آبائی حلقے این اے 57 مری سے الیکشن لڑنے کی اجازت دے دی۔

شاہد خاقان عباسی نے آبائی حلقے این اے 57 مری سے کاغذات نامزدگی مسترد کیے جانے کے فیصلے کے خلاف خواجہ طارق رحیم کے توسط سے لاہور ہائیکورٹ میں گزشتہ روز اپیل کی تھی۔

مزید پڑھیں: شاہد خاقان عباسی کیخلاف توہین عدالت کی درخواست سماعت کیلئے منظور

لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی کی سربراہی میں دو رکنی بنچ سابق وزیراعظم کی اپیل پر سماعت کی۔ سابق وزیراعظم نے اپیل میں مؤقف اختیار کیا تھا کہ ایپلٹ ٹریبونل نے اختیارات سے تجاوز کیا۔ ٹریبونل کو تاحیات نااہلی کا کوئی اختیار نہیں ہے۔ساتھ ہی انہوں نے ایپلٹ ٹریبونل کے فیصلے کو کالعدم قرار دینے کی بھی استدعا کی تھی۔

لاہور ہائیکورٹ کے دو رکنی بینچ نے ابتدائی حکم میں شاہد خاقان عباسی کے کاغذات نامزدگی مسترد کرنے کا ایپلٹ ٹریبونل کا فیصلہ معطل کرتے ہوئے انہیں این اے 57 مری سے انتخاب لڑنے کی اجازت دے دی۔

یہ بھی پڑھیں: 'جس مجرم پر ہاتھ ڈالو اس کا کسی سیاسی جماعت سے رابطہ ہوتا ہے'

یاد رہے کہ جسٹس عباد الرحمان لودھی پر مشتمل ٹریبونل نے سماعت مکمل ہونے کے بعد 27 جون کو محفوظ کردہ فیصلہ سناتے ہوئے شاہد خاقان عباسی کے آبائی حلقے این اے 57 مری سے کاغذات نامزدگی مسترد کرتے ہوئے انہیں اس حلقے سے الیکشن کے لیے تاحیات نااہل قرار دے دیا تھا۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں