ورلڈ کپ میں آج قومی کرکٹ ٹیم کا سامنا افغانستان سے ہو گا

ورلڈ کپ میں آج قومی کرکٹ ٹیم کا سامنا افغانستان سے ہو گا
کیپشن: افغانستان ایونٹ کے 7 میچز میں سے ایک میں بھی کامیابی حاصل کرنے میں ناکام رہا۔۔۔۔۔۔۔فوٹو/ بشکریہ کرک انفو

لیڈز: ہیڈنگلے گراؤنڈ میں آج پاکستان اور افغانستان مدمقابل ہوں گے۔ میچ پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر ڈھائی بجے شروع ہوگا۔دونوں ٹیمیں ٹورنامنٹ میں اب تک 7 میچز کھیل چکی ہیں، قومی کرکٹ ٹیم نے اب تک 7 میچوں میں سے تین میں کامیابی اور تین میں ناکامی کا سامنا کیا ہے جب کہ ایک میچ بارش سے متاثر ہو گیا۔

افغانستان ایونٹ کے 7 میچز میں سے ایک میں بھی کامیابی حاصل کرنے میں ناکام رہا ہے۔ پوائنٹس ٹیبل کے اعتبار سے پاکستانی ٹیم چھٹے نمبر پر ہے جب کہ افغانستان آخری یعنی دسویں نمبر پر موجود ہے۔

شاہین آج کا میچ بھی جیتنے کے لیے پر عزم ہیں جس کے لیے تمام کھلاڑیوں نے گزشتہ روز بھرپور پریکٹس بھی کی ہے۔ قومی کرکٹ ٹیم میں فی الحال کسی تبدیلی کا امکان ظاہر نہیں کیا گیا ہے۔

 پاکستان کو سیمی فائنل میں جگہ بنانے کے لیے آج کا میچ بھی جیتنا ضروری ہو گا۔ کپتان سرفراز احمد جنوبی افریقا اور نیوزی لینڈ کو ہرانے کے بعد اچھی کارکردگی کے لیے پرامید ہیں۔

سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ ہماری توجہ افغانستان کے خلاف میچ پر ہے جس کے بعد ہم بنگلا دیش کے بارے میں سوچیں گے۔ہیڈنگلے میں بارش کا کوئی امکان نہیں ہے آج بھی تیز دھوپ نکلے گی اور موسم گرم رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔