روپے کی قدر میں کمی کی بڑی وجہ منی لانڈرنگ ہے ، وزیر اعظم کا اسمبلی میں اظہار خیال

روپے کی قدر میں کمی کی بڑی وجہ منی لانڈرنگ ہے ، وزیر اعظم کا اسمبلی میں اظہار خیال
کیپشن: Image Source: PTI Twitter Account

اسلام آباد: وزیر اعظم عمرا ن خان نے کہا ہے کہ روپے کی قدر میں کمی کی وجہ سابق حکمرانوں کا ملک سے پیسہ باہر بھجوانا ہے۔ 

تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے اسمبلی میں دکھ بھری تقریر کی تھی کہ ڈالر اوپر جا رہا ہے مگر اس کیساتھ ہی انہیں یہ بھی بتانا چاہئے تھا کہ روپے کی قدر میں کمی کی وجہ سابق حکمرانوں کا ملک سے پیسہ باہر بھجوانا ہے ۔

وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستانیوں کا 10 ارب ڈالر باہر پڑا ہوا ہے جبکہ اس ملک میں روپے کی قدر گرنے کی بڑی وجہ منی لانڈرنگ ہے کیونکہ یہاں سے پیسہ چوری کر کے باہر بھجوایا گیا۔  جن پر پبلک کے پیسے چوری کرنے کا الزام ہے وہ اسمبلی میں تقریر کیسے کرسکتا ہے ، اپوزیشن کس منہ سے حکومت پر تنقید کر رہی ہے۔ 

عمران خان  نے کہا کہ این آر او لینے والے کس منہ سے سلیکٹڈ کی بات کرتے ہیں، خسارہ چھوڑ کر جانے والے ہم پر الزام لگا رہے ہیں اور نیلسن منڈیلا کی جعلی آواز میں ہم پر الزام لگاتے ہیں ، کبھی سنا ہے جو ملک کو مقروض کر کے جائے وہی باتیں کرے ؟ یہاں سے پیسہ باہر لے جانے کے ذمہ دار تو یہ لوگ ہیں، جسے عدالت نے مجرم ڈکلیئر کیا اسے پارٹی کا سربراہ بنایا گیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ بڑی سن رہے تھے حکومت گرائی جائے گی بجٹ پاس نہیں ہو گا ، بجٹ پاس ہونے پر پارٹی کو مبارکباد پیش کرتا ہوں ۔ بجٹ میں نوجوانوں کے روزگار کیلئے 100ارب روپے رکھے ہیں جبکہ ہاﺅسنگ کی مختلف سکیموں کا افتتاح کیا بھی کیا جائے گا جس سے 40 مختلف صنعتوں کو فائدہ ہو گا ۔ مشکل وقت میں غریب آدمی پر کم بوجھ ڈالنے کی کوشش کر رہے ہیں اور غریب آدمی کیلئے احساس پروگرام شروع کر رہے ہیں ، 75 فیصد بجلی کے صارفین کو سہولت دینے کیلئے 270 ارب روپے کی سبسڈی دے رہے ہیں۔

 

اس موقع پر انہوں نے مشکل حالات کے باوجود بجٹ نہ لینے پر پاک فوج کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے خواہش ظاہر کی تھی کہ ہمارے بجٹ نہ لینے سے جو پیسہ بچے گا، ہم چاہتے ہیں کہ وہ بلوچستان اور فاٹا پر خرچ ہو جبکہ اگلے ہفتے کسانوں کی فلاح کیلئے جامع پلان کا اعلان بھی کریں گے۔