حملے میں انٹرنیشنل ہاتھ ملوث ہے ، یہ پاکستان کی اکانومی کو نقصان پہنچانے کی سازش ہے،گورنرسندھ

حملے میں انٹرنیشنل ہاتھ ملوث ہے ، یہ پاکستان کی اکانومی کو نقصان پہنچانے کی سازش ہے،گورنرسندھ

کراچی: گورنر سندھ عمران اسماعیل نے پاکستان سٹاک ایکسچینج پر حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے پاکستان کی معیشت پر حملہ قرار دیا ہے ۔

گورنر سندھ نے آئی جی پولس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مجرموں کو زندہ پکڑنے اور ان کے ہینڈلرز کو عبرتناک سزائیں یقینی بنانے کی ہدایت کی۔

خصوصی گفتگو کرتے ہوئے گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہاکہ انہیں شبہ ہے کہ اس حملے میں انٹرنیشنل ہاتھ ملوث ہے ۔ یہ پاکستان کی اکانومی کو نقصان پہنچانے کی سازش ہے، ابھی کچھ نہیں کہہ سکتے کہ اس حملے کے پیچھے کس کا ہاتھ ہے ، لیکن اس حملے میں ان طاقتوں کا ہاتھ ہے جو پاکستان کو تباہ کرنا چاہتے ہیں۔

گورنر سندھ نے کہا کہ قطعی طور پر فوراً نہیں کہا جا سکتا لیکن اس حملے کے پیچھے ہندوستان کی خفیہ ایجنسی را ملوث ہوسکتی ہے ۔انہوں نے کہاکہ جیسا کہ ہم سب جانتے ہیں کہ کورونا کی وجہ سے تقریبا ہر ملک بدترین معاشی بحران کا شکار ہے ۔ پاکستان بھی اسی صورتحال کا سامنا کررہا ہے لیکن اس سے بھی کم سطح پر اس کی جی ڈی پی کی شرح نمو -0.4 فیصد رہ گئی ہے جبکہ سپین، اٹلی کی معیشت منفی 12فیصد پر چلی گئی ہے، بھارت کی منفی 4.5 فیصد ہے تو بھارت کو یہ تکلیف ضرور ہوسکتی ہے کہ پاکستان کی معیشت کس طرح بچ گئی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ وہاں مودی کی بیوقوفی ہے اور یہاں عمران خان کی عقلمندی کی وجہ سے معیشت پر جو اثرات پڑے یہ اسے نشانہ بنانے کی کوشش ہوسکتی ہے۔انہوں نے کہ رینجرز اور پولیس اہلکاروں نے بروقت کارروائی کی اور صورتحال پر قابو پالیا۔عمران اسماعیل نے کہا کہ ہم نے دہشت گردوں کو بری طرح پسپا کیا ہے اور مجھے امید ہے کہ دہشت گردوں کو بھی سمجھ آگئی ہوگی کہ پاکستانی پولیس، رینجرز سو نہیں رہی۔گورنر سندھ نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے انسپکٹر جنرل سندھ سے تفصیلی رپورٹ طلب کرلی۔

انہوں نے آئی جی اور سیکیورٹی اداروں کو بھی ہدایت کی کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ ذمہ داروں کو مثالی سزا دی جائے۔قبل ازیں گورنر سندھ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ توئٹر پر اپنے پیغام میں پاکستان سٹاک ایکسچینج پر حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہاکہ اس حملے کا مقصد دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ کو نقصان پہنچانا ہے۔ آئی جی اور سیکیورٹی ایجنسیوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ قصوروار زندہ پکڑے جائیں اور ان کو مثالی سزا دی جائے۔ ہم ہر قیمت پر سندھ کا تحفظ کریں گے۔