ایران کو کبھی بھی جوہری ہتھیار تیار نہیں کرنے دیے جائیں گے: امریکی صدر

Iran, nuclear weapons, US President, Joe Biden, Israel

نیو یارک: امریکی صدر جو بائیڈن کا کہنا ہے کہ ایران کو کبھی بھی جوہری ہتھیار تیار نہیں کرنے دیے جائیں گے ۔

امریکی صدر جو بائیڈن نے اسرائیلی صدر' ریوین ریولن ' سے وائٹ ہاؤس میں ملاقات کے دوران ایران کے خلاف سخت موقف کی یقین دہانی کرائی ۔ انہوں نے کہا کہ ان کے دور اقتدار میں ایران کو کبھی بھی جوہری ہتھیار حاصل نہیں کرنے دیے جائیں گے ۔

خیال رہے کہ رواں ماہ ایران میں جوہری توانائی کے ادارے کی عمارت پر بارود سے بھرے ڈرون کے ذریعے حملہ کرنے کی کوشش کی گئی تھی تاہم دفاعی نظام نے بروقت ردعمل دیتے ہوئے حملے کو ناکام بنا دیا تھا ۔

ایران کے سرکاری ٹیلی وژن کے مطابق جوہری توانائی کے سویلین ادارے کی عمارت پر ڈرون حملے کی ایک کوشش کو ناکام بنا دیا گیا ۔ حملے میں جانی و مالی نقصان نہیں ہوا تاہم یہ نہیں بتایا گیا کہ ڈرون کو کہاں سے کنٹرول کیا جا رہا تھا ۔

ایران کے قدامت پرستوں کی جانب سے ملکی ایٹمی پروگرام کو سبوتاژ کرنے کی سنگین دھمکیاں دینے والے اسرائیل کو حملے کا ذمہ دار قرار دیا گیا ۔

اسرائیل نے ایٹمی ادارے کی عمارت پر ڈرون حملے کے حوالے سے کسی قسم کا بیان جاری نہیں کیا ۔ اسرائیل کے نومنتخب وزیراعظم نفتالی بینیٹ نے ایران کے جوہری پروگرام کو ناقابل قبول قرار دیتے ہوئے عالمی برادری سے ایکشن لینے کا مطالبہ کیا تھا ۔