ڈپلومیٹک انکلیو میں تاریخ کی سب سے بڑی چوری

ڈپلومیٹک انکلیو میں تاریخ کی سب سے بڑی چوری
سورس: file

اسلام آباد : اسلام آباد میں ڈپلومیٹک انکلیو میں واقع اٹلی کے سفارتخانے سے ایک ہزار کے قریب شینجن ویزا کے اسٹیکرز چوری ہوگئے۔

نیو نیوز کے مطابق ‏ڈپلومیٹک انکلیو میں تاریخ کی سب سے بڑی چوری پر اطالوی سفیر نے وزارت خارجہ کو خط لکھ کر تحقیقات کے لیے مدد طلب کی۔اطالوی سفیر نے دفتر خارجہ سے کہا ہے کہ وزارت داخلہ ایف آئی اے کے ذریعے ویزا اسٹیکرز کی چوری کی تحقیقات کرائے۔

بتایا گیا ہے کہ ‏چوری ہونے والے 750 شینجن ویزا اسٹیکرز کی سیریل نمبرز آئی ٹی اے041913251 سے آئی ٹی اے 04191400 تک ہے۔

جبکہ دیگر 250 ویزا سٹیکرز کا سیریل نمبر آئی ٹی اے041915751 سے آئی ٹی اے041916000 تک ہے۔ ‏ خط میں کہا گیا کہ ملک بھر کے تمام ایئرپورٹس پر ان سیریل نمبرز کے حامل پاسپورٹس پر سفر کرنے والوں کو گرفتار کیا جائے۔چوری کے حوالے سے وزارت خارجہ کو یہ خط اطالوی سفیر نے 14 جون کو لکھا تھا۔

دوسری جانب وزرات داخلہ نے ایف آئی اے کو تحقیقات اور فوری کارروائی کے لیے خط لکھا جس پر ایف آئی اے نے باضابطہ تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔

میڈیا کے سوالات کے جواب میں وزارت خارجہ کے ترجمان زاہد حفیظ چودھری نے کہا کہ اسلام آباد میں غیر ملکی سفارتی مشن سے ویزا اسٹیکرز کی چوری کا معاملہ وزارت خارجہ کو بتایا گیا۔ 'اس سلسلے میں مناسب کاروائی کرنے کے لیے متعلقہ حکام کو فوری طور پر معلومات شیئر کی گئیں'۔