پاکستان اور جاپان کا دفاعی تعاون بڑھانے کے عزم کا اعادہ

 پاکستان اور جاپان کا دفاعی تعاون بڑھانے کے عزم کا اعادہ
کیپشن: پاکستان اور جاپان کا دفاعی تعاون بڑھانے کے عزم کا اعادہ
سورس: فائل فوٹو

اسلام آباد: پاکستان اور جاپان نے عالمی امن ، سلامتی اور دفاعی تعاون بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔ 


ریڈیو پاکستان کے مطابق یہ اتفاق رائے ورچوئل اجلاس میں پاکستان جاپان سیکیورٹی مذاکرات کے آٹھویں دور کے موقع پر کیا گیا۔ اس اجلاس کے دو حصے تھے جن میں سیاسی وفوجی مذاکرات اور فوجی مذاکرات شامل تھے جبکہ سیاسی و فوجی مذاکرات کے دوران پاکستانی وفد کی قیادت ایڈیشنل سیکرٹری زاہد حفیظ چودھری جبکہ جاپان کی وزارت خارجہ کے کوبایاشی کینچی نے اپنے ملک کے وفد کی قیادت کی۔

مذاکرات میں پاکستان کے وفد کی قیادت رئیر ایڈمرل مرزا فواد امین بیگ جبکہ جاپانی وفد کی قیادت جاپان کی وزارت دفاع کے ناگوچی یاشوشی نے کی۔ فریقین نے سیکیورٹی پالیسیوں کیساتھ علاقائی اور عالمی مسائل پر تبادلہ خیال کیا۔ پاکستان اور جاپان کے مابین سیکیورٹی کی صورتحال بھی زیر بحث آئی۔

ترجمان دفتر خارجہ نے جاپانی وفد کو ہمسایہ ملکوں کے ساتھ پاکستان کے تعلقات سے آگاہ کیا اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستانی کوششوں کو اجاگر کیا۔ اس موقع پر انہوں نے جنوبی ایشیا میں پائیدار امن واستحکام کے لئے بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق تصفیہ طلب مسائل کے پرامن حل کی اہمیت پر بھی زور دیا۔ فریقین نے دفاع اور سلامتی کے شعبوں میں تعاون اور مفاہمت مزید بڑھانے پر اتفاق کیا۔