بھارتی کرکٹ بورڈ پاکستان کیساتھ نیوٹرل وینیو پر سیریز کھیلنے کیلئے تیار

بھارتی کرکٹ بورڈ پاکستان کیساتھ نیوٹرل وینیو پر سیریز کھیلنے کیلئے تیار

نیو دہلی: پاکستانی کرکٹ کے لئے خوشخبری، روایتی حریف بھارت پاکستان کے ساتھ ٹاکرے کے لئے تیار ہو گیا ہے۔ بھارتی کرکٹ بورڈ نے اس حوالے سے اپنی حکومت سے اجازت لینے کے لئے خط لکھ دیا۔ بھارتی کرکٹ بورڈ کے مطابق اگر حکومت نے اجازت دی تو نومبر میں یواے ای میں پاک بھارت سیریز ہوسکتی ہے۔ 

اس سے پہلے گزشتہ سال چیئرمین آئی سی سی ششانک منوہر بھی پاکستان کے ساتھ مختصر سیریز کھیلنے کی خواہش کا اظہار کر چکے ہیں۔ کرکٹ کی عالمی تنظیم کے تحت ہونے والے ایک معاہدے میں دونوں روایتی حریفوں کو 2015ء سے 2023ء تک چھ دوطرفہ کرکٹ سیریز کھیلنی تھیں اور پہلی سیریز پاکستان کی میزبانی میں متحدہ عرب امارات میں طے تھی لیکن حالات کے باعث یہ سیریز نہیں ہو سکی کیونکہ بھارتی ٹیم متحدہ عرب امارات میں بھی آنے کو تیار نہیں تھی۔

واضح رہے بھارت نے 2008ء میں ممبئی میں ہونے والے دہشت گرد حملے کے بعد پاکستان کے ساتھ کرکٹ روابط یکطرفہ طور پر ختم کر دیے تھے لیکن پھر 2012 میں یہ تعلقات کچھ بحال ہوئے اور پاکستانی ٹیم سیریز کے لیے بھارت گئی تھی۔

روایتی حریفوں کے درمیان کرکٹ مقابلے دنیائے کرکٹ میں بھی خاصے مقبول ہیں جن میں پاکستان اور بھارت کے علاوہ دیگر ملکوں کے شائقین کرکٹ بھی خوب دلچسپی لیتے ہیں۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں