دوران تفتیش زیادتی کا نشانہ بنی، کرد خاتون قیدی کا خامنہ ای کو خط

دوران تفتیش زیادتی کا نشانہ بنی، کرد خاتون قیدی کا خامنہ ای کو خط

تہران :ایران کی کرمان جیل میں چار سال قید کی سزا کاٹنے والی کرد سیاسی اسیرہ افسانہ با یزیدی کو انفرادی کوٹھڑی میں انٹیلی جنس ارکان کی جانب سے تشدد اور مار پیٹ کا نشانہ بنانے کا انکشاف ہوا ہے ،متعدد اپوزیشن ویب سائٹوں پر جاری کیے گئے خط میں کرد سیاسی اسیر نے خامنہ ای کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ میں تمہیں ایک ایسے شخص کے طور پر مخاطب کر رہی ہوں جس نے 38 برس سے خود کو زمین پر اللہ کے خلیفہ کے طور پر پیش کیا ہوا ہے۔
تم نے اسلام اور مذہب کے نام پر ایرانی عوام اور قومیتوں کو غلام بنا رکھا ہے۔ میں تمہیں باور کرانا چاہتی ہوں کہ مجھے اور مجھ جیسی دیگر خواتین قیدیوں کو جیل میں جس نوعیت کے تشدد ، آبرو ریزی اور دم گھونٹے جانے کا سامنا کرنا پڑا ہے اس کو میں ہر گز فراموش نہیں کروں گی۔ ایک دن آئے گا جب ہم تمہیں اور تمہارے شراکت داروں کا احتساب کریں گے۔