یوٹیلیٹی سٹوروں پر چینی 3 روپے فی کلو سستی

یوٹیلیٹی سٹوروں پر چینی 3 روپے فی کلو سستی

لاہور: یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن نے ملک بھر کے تمام سٹوروں پر چینی کی قیمت میں 3روپے فی کلو کمی کا اعلان کردیا ہے۔ اب چینی 65روپے فی کلو کی بجائے62روپے فی کلو فروخت ہوگی۔


کارپوریشن کے ترجمان کے مطابق عوام کو مارکیٹ ریٹ سے کم نرخوں پر چینی فراہم کرنے کے سلسلے میں اعلیٰ سطحی اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ چینی کی قیمت میں 3 روپے فی کلو کے حساب سے کمی کی جائے اور اس فیصلے پر آج سے عمل درآمد شروع کرنے کےلئے تمام زونل اور ریجنل آفسز کو عمل درآمد کا نوٹیفیکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔

ترجمان کے مطابق ملک بھر کے تمام اسٹوروں اور فرنچائز پر عوام کو چینی62روپے فی کلو کے حساب سے دستیاب ہوگی اور فرنچائز مالکان کو کارپوریشن کی جانب سے چینی فی کلو 61روپے 50پیسے کے حساب سے فراہم کی جائے گی ۔

ترجمان کے مطابق کارپوریشن اس سے پہلے بھی مختلف دالوں ،گھی آئل ، چائے وغیرہ کی قیمتوں میں کمی کر چکی ہے تاکہ عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولت دی جائے ۔