طیب اردوان کا تمام اہم امور پر پاکستان کی بھرپور حمایت کا اعلان

 طیب اردوان کا تمام اہم امور پر پاکستان کی بھرپور حمایت کا اعلان

انقرہ: ترک صدر رجب طیب اردوان نے تمام اہم امور پر پاکستان کی بھرپور حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اور ترکی کے درمیان مختلف شعبوں میں تعلقات کو مذید فروغ دینے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں،اسلام آبادمیں ای سی او کے انعقاد سے علاقائی ممالک کے درمیان اقتصادی تعلقات مذیدمضبوط ہوں گے۔

سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے گزشتہ روز پارلیمانی وفد کے ہمراہ انقرہ میں ترک صدر رجب طیب اردوان سے ملاقات کی ملاقات میں دونوں ملکوں کے درمیان دو طرفہ تعلقات اور تعاون کو مذید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا, ملاقات میں ترک اسمبلی کے سپیکر بھی موجود تھے. اس موقع پر سپیکر ایاز صادق نے ترک صدر کو پاکستانی قیادت کی طرف سے خیر سگالی کا پیغام پہنچایا اور رجب طیب اردوان کے دور میں ترکی میں ہونے والی ترقی کو سراہا۔

انہوں نے کہا کہ رجب طیب اردوان کا دور مسلم امہ کے لیے ایک شاندار مثال ہے سردار ایاز صادق نے ترکی میں آئندہ سیاسی و معاشی ترقی کے حوالے سے نیک خواہشات کا اظہار کیا پاکستان کی طرف سے ترک عوام اور حکومت کے ساتھ پندرہ جولائی 2016 کی بغاوت کے حوالے سے یکجہتی کے عزم کو دہراتے ہوئے سردار ایاز صادق نے ترک عوام کی تاریخی مزاحمت کو سراہا انہو ں نے کہا کہ صدر طیب اردوان کی قیادت میں اس غیر قانونی کارروائی کے خلاف عوام نے بھرپور مزاحمت کا مظاہرہ کیا جو دنیا بھر کے عوام کے لیے ایک مثال ہے۔

اس موقع پر انہوں نے ترک اسمبلی کے سپیکر کے ساتھ پندرہ جولائی کو ہونے والی اپنی بات چیت کا بھی تذکرہ کیا جس میں انہوں نے پاکستان کی طرف سے بھرپور حمایت کا اعلان کیا تھا اور اس کے بعد پاکستانی پارلیمینٹ کے دونوں ایوانوں میں ترکی میں جمہوریت اور جمہوری اداروں کے حق میں متفقہ طور پر قراردادیں منظور کی گئیں۔

سپیکر ایاز صادق نے کہا کہ وزیر اعظم نواز شریف اور صدر طیب اردوان کی قیادت میں پاکستان اور ترکی کے درمیان تعلقات مضبوط ہوئے ہیں دونوں ملکوں کو سیاسی تعلقات کی طرح معاشی تعلقات کو بھی مضبوط کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان آزادانہ تجارت کے معاہدے کے بعد دو طرفہ تعلقات مضبوط ہوں گے۔

سردار ایاز صادق نے پاکستان میں بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری کرنے پر ترکی کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ یہ سرمایہ کاری پاکستان کی خوشحالی اور ترقی میں اہم کردار ادا کر رہی ہے سپیکر قومی اسمبلی نے دونوں ملکوں کے پارلیمانوں کے درمیان فرینڈ شپ گروپس سمیت دیگر فورمز و مضبوط تعلقات سے بھی صدر طیب اردوان کو آگاہ کیا۔

ترک صدر رجب طیب اردوان نے اس موقع پر صدر ممنون حسین اور وزیر اعظم نواز شریف کے لیے نیک خواہشات کا پیغام دیا دونوں ملکوں کے درمیان مختلف شعبوں میں فروغ پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ترکی کے درمیان سیاسی معاشی تجارتی دفاعی دفاعی پیداوار اور ثقافت کے شعبوں میں تعلقات کو مذید فروغ دینے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

اقتصادی تعاون تنظیم کے 13ویں سربراہی اجلاس کے موقع پر اپنے دورہ پاکستان کا تذکرہ کرتے ہوئے طیب اردوان نے کہا کہ ای سی او کے انعقاد سے علاقائی ممالک کے درمیان اقتصادی تعلقات مذید مضبوط ہوں گے۔

اس موقع پر انہوں نے تمام اہم امور پر پاکستان کی بھرپور حمایت کا اعلان کیا اور کہا کہ دوطرفہ تعلقات کو مذید مضبوط بنانے کے لیے ہم پر عزم ہیں واضح رہے کہ سردار ایاز صادق کی قیادت میں پاکستان کا پارلیمانی وفد ان دنوں ترکی کے دورہ پر ہے۔