ہمیں بچوں کی تعلیم میں سرمایہ کاری کرنی چاہیے، ملالہ یوسفزئی

ہمیں بچوں کی تعلیم میں سرمایہ کاری کرنی چاہیے، ملالہ یوسفزئی

اسلام آباد:وزیراعظم ہاؤس میں ہونیوالی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ملالہ یوسفزئی نے کہا میں خواب دیکھتی تھی کہ پاکستان جاؤں اور کام کروں کیونکہ ہمیں نوجوانوں کی تعلیم کرنا ہے اور چاہتی ہوں خواتین کی تعلیم کے لئے کام کروں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ  یقین نہیں آرہا کہ اپنے ملک میں ہوں جب کہیں سفر کرتی تھی تو تصور کرتی تھی کہ یہ پاکستان ہے۔

ملالہ یوسفزئی نے کہا کہ ابھی 20 سال کی ہوں اور زندگی میں بہت کچھ دیکھا اگر میں چاہتی تو کبھی بھی اپنے ملک کو نہیں چھوڑتی۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کا مستقبل اس کے لوگ ہیں، ہمیں بچوں کی تعلیم میں سرمایہ کاری کرنی چاہیے۔

مزید پڑھیں: بلوچستان کی نئی سیاسی جماعت کا اعلان کر دیا گیا

اس موقع پر وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے بھی تقریب سے خطاب کیا جس میں ان کا کہنا تھا کہ دنیا نے آپ کو عزت دی اور پاکستان بھی آپ کو عزت دے گا کیونکہ یہ آپ کا گھر ہے جب آنا چاہیں آئیں۔ اب آپ عام عام شہری نہیں آپ کی سیکیورٹی ہم پر لازم ہے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ جب آپ گئیں تو پاکستان میں دہشت گردی عروج پر تھی کیونکہ ہم نے بہت مشکل جنگ لڑی جس کا شکار آپ خود ہوئیں۔  ہماری فوج، سول آرمڈ فورسز کے جوان اور شہریوں کی قربانیوں سے ملک میں امن ہے جبکہ ہم آج بھی دہشت گردی کے خلاف جنگ لڑ رہے ہیں اور یہ جنگ لڑتے رہیں گے۔

یہ خبر بھی پڑھیں: وزیراعظم فریادی بن کر آئے لیکن دیا کچھ نہیں ، چیف جسٹس

شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ ہمارے لوگ جانوں کا نذرانہ دے کر دنیا کو امن دے رہے ہیں اور چاہتا ہوں آپ ہمارا پیغام دنیا کو پہنچائیں۔ آپ دنیا کی اور پاکستان کی نمائندگی کرتی ہیں جبکہ آپ نے نوجوانوں اور بچیوں کی جو نمائندگی کی ہے وہ ہم سب کے لیے مشعل راہ ہے اور میری دعا ہے کہ اللہ آپ کو کامیاب کرے۔

اس سے قبل وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سے ملاقات کے لیے ملالہ یوسفزئی وزیراعظم ہاؤس پہنچیں جہاں انہیں سخت سیکیورٹی میں لایا گیا۔

وزیراعظم اور ملالہ یوسفزئی کی ملاقات میں وزیر مملکت مریم اورنگزیب، انوشہ رحمان اور ماروی میمن بھی موجود تھیں جب کہ ملاقات میں پاکستان میں بچوں کی تعلیم کے حوالے سے موضوع زیر بحث رہا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم سے ملاقات کے بعد ملالہ یوسفزئی ایک پبلک میٹنگ میں شرکت کریں گی جہاں وہ مختلف شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد سے ملاقات کریں گی۔

اس کے علاوہ وہ آج آسکر ایوارڈ یافتہ شرمین عبید چنائے کی سربراہی میں سول سوسائٹی کی خواتین سے بھی ملاقات کریں گی۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں