شاہد خاقان عباسی معافی مانگیں ورنہ اسلام آباد کی طرف مارچ کریں گے: عمران خان

شاہد خاقان عباسی معافی مانگیں ورنہ اسلام آباد کی طرف مارچ کریں گے: عمران خان

کوئٹہ: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی بیان واپس لیں ورنہ اسلام آباد کی طرف مارچ کریں گے۔

کوئٹہ میں وزیراعلیٰ بلوچستان کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے کہا کہ بلوچستان سے چیئرمین سینیٹ کے آنے پر خوشی ہوئی، وقت بتائے گا کہ بلوچستان سے چیئرمین سینیٹ بننے کے کیا اثرات مرتب ہوں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ شاہد خاقان عباسی نواز شریف کو اپنا وزیراعظم کہتے ہیں، وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سپریم کورٹ پر تنقید کرتے ہیں، وزیراعظم عدالت کا حکم نہیں مان رہا تو جو لوگ جیلوں میں ہیں وہ کیسے عدالتوں کے حکم مانیں گے۔ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو نواز شریف کنٹرول کر رہے ہیں، حکومت کا کچھ وقت بچا ہے شاہد خاقان کو چیف جسٹس سے کونسی اصلاحات کروانی تھیں۔

عمران خان نے کہا کہ خاقان عباسی نے چیف جسٹس کے سامنے ہاتھ باندھے ہونگے کہ نواز شریف کو این آر او دے دیں۔ شبہ ہے دورہ امریکا میں بھی شاہد خاقان نے ہاتھ پاؤں جوڑے ہونگے نواز شریف کو بچایا جائے۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ ہارس ٹریڈنگ تو مسلم لیگ ن نے شروع کی، شریف ڈاکٹرائن یہ ہے کہ دھاندلی کرکے اقتدار میں آؤ، اقتدار میں آکر بڑے پروجیکٹس بناؤ، پیسے چوری کریں یہ ہے شریف ڈاکٹرائن، چوری کے پیسے بچوں کو باہر بھیجیں، یہ ہے شریف ڈاکٹرائن، کوئی پکڑے تو کہو جمہوریت خطرے میں ہے، یہ ہے شریف ڈاکٹرائن۔ جب ساری جماعتوں نے 2013 کے الیکشن میں دھاندلی پر آواز اٹھائی تب شاہد خاقان کہاں تھے۔ جب آپ ہار گئے تو شروع ہوگئے کہ سینیٹ الیکشن میں دھاندلی ہوئی۔ میں شاہد خاقان عباسی سے پہلے ہی مایوس تھا۔

عمران خان نے کہا کہ ہم نے نہ نواز شریف کا چیئرمین آنے دیا، نہ پیپلزپارٹی کا، میں تو اسے اپنی بہت بڑی کامیابی سمجھتا ہوں۔ زرداری صاحب اتنے ہی کرپٹ ہیں جتنے نواز شریف ہیں۔ باجوہ ڈاکٹرائن کو میں یہی سمجھا ہوں وہ پاکستانی آئین، قانون کے ساتھ کھڑے ہیں۔