بال ٹمپرنگ میں سزا یافتہ ڈیوڈ وارنر اور بینکروفٹ نے معافی مانگ لی

بال ٹمپرنگ میں سزا یافتہ ڈیوڈ وارنر اور بینکروفٹ نے معافی مانگ لی

کینبرا: بال ٹیمپرنگ اسکینڈل میں سزا پانے والے آسٹریلوی کرکٹر ڈیوڈ وارنر اور کیمرون بینکروفٹ نے غلطی تسلیم کرتے ہوئے معافی مانگ لی۔ ڈیوڈ وارنر نے جنوبی افریقا سے وطن واپسی کے دوران انسٹاگرام پر ایک پوسٹ کی جس میں کہا کہ ایک غلطی ہوئی جس کی وجہ سے کرکٹ کو نقصان پہنچا جس پر وہ معافی مانگتے ہیں اور اپنے کیے کی ذمہ داری قبول کرتے ہیں۔

ڈیوڈ وارنر نے کہا ' ٹیمپرنگ اس کھیل پر دھبہ ہے جسے بچپن سے بہت چاہتا ہوں اور سمجھ سکتا ہوں کہ ان کی وجہ سے کھیل اور شائقین کو نقصان پہنچا ہے۔معطل آسٹریلوی کرکٹر نے مزید کہا کہ آئندہ چند روز کے دوران وہ اس حوالے سے کچھ کہیں گے اور تب تک وہ اپنے اہلخانہ، دوستوں اور قابل اعتماد خیرخواہوں کے ساتھ وقت گزاریں گے۔دوسری جانب صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کیمرون بینکروفٹ نے کہا کہ جھوٹ بولنے پر بہت شرمندگی محسوس کر رہا ہوں جس پر معافی کا طلبگار ہوں اور اپنے کیے پر بہت مایوس ہوں۔

انہوں نے کہا کہ میں سمجھ سکتا ہوں کہ میری وجہ سے بہت سے لوگ مایوس ہوئے اور ایسے لوگوں سے معافی مانگتا ہوں اور اس صورتحال کو الفاظ میں بیان نہیں کیا جاسکتا۔یاد رہے کہ آسٹریلین کرکٹ بورڈ نے جنوبی افریقا کے خلاف کیپ ٹان ٹیسٹ میں بال ٹیمپرنگ کرنے پر ڈیوڈ وارنر پر ایک سال اور کیمرون بینکروفٹ پر 9 ماہ کی پابندی عائد کی تھی۔