فرانس:تین سال کے بچے کا سکول میں داخلہ لازمی قرار

فرانس:تین سال کے بچے کا سکول میں داخلہ لازمی قرار
کیپشن: France children school going

پیرس:  بچوں کی تعلیم پر ہر ملک میں ہی توجہ دی جاتی ہے لیکن فرانس اس معاملے میں کچھ زیادہ متحرک نکلا ، فرانسیسی صدر نے تین برس کے بچوں کو سکول میں داخل کرانا لازمی قرار دیدیا۔

تفصیلات کے مطابق فرانس میں تین سال کے بچوں کو سکول بھیجنا لازمی قرار دے دیا گیا ہے ، اس سے قبل فرانس میں چھ برس کے بچے کو سکول بھیجا جاتا تھا۔

صدارتی دفتر کے مطابق اس اقدام کا مقصد فرانسیسی تعلیمی نظام میں برابری قائم کرنا ہے ، مزید یہ کہ بیرون ملک مقیم فرانسیسی اور غریب طبقے سے منسلک افراد کو تعلیم فراہم کرنے کے برابری کے موقع فراہم کرنا ہے۔

صدر میکرون نے اس حوالے سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر متعدد ٹویٹس میں واضح کیا کہ اس عمر میں بچوں کا سکول میں رہنا زیادہ فائدہ مند ہوگا کیونکہ اس عمر میں بچے کھیلنے ، بولنے، پینٹنگ اور ڈرائینگ کی تربیت حاصل کرتے ہیں۔

دوسری جانب اس فیصلے کے بعد فرانس یورپی یونین کی رکن ریاستوں کی فہرست میں بچوں کو سب سے کم عمر میں نصابی تعلیم فراہم کرنے والا ملک ہوگا۔