پاکستان میں غیر ملکی صنعتکاروں کا منافع 30 فیصد بڑھ گیا

پاکستان میں غیر ملکی صنعتکاروں کا منافع 30 فیصد بڑھ گیا

کراچی: غیر ملکی صنعتکاروں کا منافع 30 فیصد بڑھ گیا، رواں مالی سال کے پہلے آٹھ ماہ میں بیرونی سرمایہ کاروں نے مجموعی طور پر ایک کھرب 68 ارب 40 کروڑ روپے سے زیادہ کا منافع ملک سے باہر بھجوایا۔

اسٹیٹ بینک کے مطابق رواں مالی سال جولائی سے فروری کے اختتام تک غیر ملکیوں نے مجموعی طور پر ایک ارب 45 کروڑ 93 لاکھ ڈالر منافع کی مد میں باہر بھجوائے، جو گزشتہ سال کے اسی عرصے کی نسبت 25 کروڑ 8 لاکھ ڈالر زیادہ ہے۔ آٹھ ماہ کے دوران صنعتی شعبے میں سرمایہ کاری کرنے والوں نے گزشتہ سال سے 30 فیصد زیادہ ایک ارب 27 کروڑ 88 لاکھ ڈالر باہر بھجوائے جبکہ اسٹاک مارکیٹ میں کام کرنے والے بیرونی سرمایہ کاروں کی طرف سے 18 کروڑ 5 لاکھ ڈالر باہر بھجوائے گئے۔

رپورٹ کے مطابق صنعتی شعبے میں نئی سرمایہ کاری کا حجم ایک ارب 94 کروڑ ڈالر رہا۔ رواں مالی سال سب سے زیادہ 19 کروڑ 17 لاکھ ڈالر کا منافع غیر ملکی بینکوں اور مالیاتی بزنس کرنے والوں نے باہر بھجوایا۔ بجلی بنانے والوں نے 18 کروڑ 22 لاکھ ڈالر، خوراک کا بزنس کرنے والوں نے 18 کروڑ 14 لاکھ ڈالر اور کمیونیکیشن والوں نے 16 کروڑ 73 لاکھ ڈالر باہر بھجوائے۔