گوادر کی ترقی سے پورے خطے کوفائدہ ہوگا, وزیر اعظم عمران خان

 گوادر کی ترقی سے پورے خطے کوفائدہ ہوگا, وزیر اعظم عمران خان
فائل فوٹو

گوادر : وزیر اعظم عمران خان نے کہاہے کہ گوادر کی ترقی پاکستان کی ترقی ہوگی،مقامی لوگوں کو انصاف ہیلتھ کار ڈ فراہم کئے جائیں گے ، گوادر کو سرسبز کرنے کیلئے دس لاکھ پودے لگائے جائیں گے ، گوادر کو ریل کے ذریعے کوئٹہ سے منسلک کیا جائیگا ۔


تفصیلات کے مطابق ،  گوادر میں انٹر نیشنل ایئر پور ٹ کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ گوادر کی ترقی سے پورے خطے کوفائدہ ہوگا، ترقی وہ ہوتی ہے جس سے مقامی لوگوں کو فائدہ ملے ، مقامی لوگوں کو ترقی دیئے بغیر ترقی ممکن نہیں ہے ،ماضی میں ہونیوالی ترقی سے مقامی لوگوں کوفائدہ نہیں ہوا۔

وزیر اعظم نے کہا کہ وفاقی حکومت گوادر میں انصاف ہیلتھ کارڈ دیگی جس سے ہر خاندان کو ہیلتھ انشورنس ملے گی تاکہ وہ کسی بھی ہسپتال سے اپنا علاج کرا سکیں ، مقامی لوگوں کو ترقی سے مستفید ہونے کیلئے تربیت فراہم کریں گے ،گوادر کے ماہی گیروں کوخصوصی گرانٹس دی جائیںگی ، گوادر کو بجلی کی فراہمی کیلئے نیشنل گرڈ سے منسلک کیا جائیگا ۔

انہوں نے کہا کہ گرین اینڈ کلین پاکستان کے تحت گوادر میں دس لاکھ درخت لگانے کا فیصلہ کیاہے تاکہ گوادر ہرا ہوجائے،پانی کوری سائیکل کیا جائیگاجس کیلئے ری سائیکلنگ پلانٹ لگایا جائیگا ۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم نے فیصلہ کیاہے کہ گوادر سے کوئٹہ تک ریلوے لائن بچھائی جائیگی ، ہم نے فیصلہ کیاہے کہ ریلوے پر پورا زور دیا جائیگا ۔

انہوں نے کہا کہ  ریلوے کی ٹیکنالوجی میں چائنہ سب سے آگے ہے ، ہم سارے پاکستان میں ریلوے لائن کو ڈویلپ کریں گے ۔گوادر کی ترقی سارے پاکستان کی ترقی ہوگی ، میں پہلے بار گوادر آیا ہوں اور بہت خوش ہوںاور گوادرمیں ترقیاتی کاموں میں تعاون پر چائنہ کا شکریہ ادا کرتاہوں۔